اسی لاکھ روپے دو یا مرنے کےلئے تیار ہوجاؤ، ٹی ٹی پی کا کے پی منسٹر کو خط
کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے خیبر پاکستان کے سائنس اور ٹیکنالوجی کے وزیر عاطف خان کو ایک دھمکی آمیز خط لکھا ہے جس میں انہوں نے وزیر سے کہا ہے کہ 80لاکھ روپے دو یا پھر مرنے کےلئے تیار ہو جاؤ
پاکستانی ذرائع ابلاغ کے مطابق کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے خیبرپختونخواہ کےضلع مردان سے تعلق رکھنے والے سائنس اور ٹیکنالوجی وزیر کو ایک خط لکھا ہے اورکہا ہے : کہ تم ہمیں جانتے ہو کہ ہم کون ہیں اور کیا چاہتے ہیں۔ ہم تمہیں بہت اچھی طرح جانتے ہیں اورہمارے پاس تمہارا سارا ڈیٹا اور ریکارڈ موجود ہے کیونکہ تم تحریک طالبان مردان کی ہٹ لسٹ پر ہو اوراب تمہاری باری آ گئی ہے۔
پس تمہیں ہمارے مطالبہ تسلیم کرنے پڑیں گے تاکہ لسٹ سے تمہارا نام نکالا جائے یا پھر تم اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھو گے۔ ہماری ڈیمانڈ 80 لاکھ روپے ہے، ہمیں تین دن کے اندر تمہارا جواب چاہیے۔
. میڈیا سے بات کرتے ہوئے عاطف خان نے کہا کہ انہوں نے خط وصول کیا ہے۔ تاوان کے خطوط عموما اسی طرح سے آتے ہیں اور کچھ لوگوں کو یہ ملے ہیں۔
کے پی منسٹر نے میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے یہ خط ساری سیکورٹی ایجنسیوں کے پاس بھیجا ہے اور اب ایکشن لینے کی ذمہ داری ان کی ہے۔
ک پی گورنر کے ترجمان بیرسٹر علی سیف نے کہا کہ عاطف خان کو ملنے والے خط اور اس معاملے کی تحقیقات کی جائیں گی اورقانونی کاروائی کی جائے گی۔
کے پی حکومت کوئی بھی ایسے مطالبات قبول نہیں کرے گی، جنہوں نے بھی ایسے خطوط یا فون کالیں موصول کی ہیں، وہ پولیس کو مطلع کریں۔
یاد رہے کہ پاکستان کے شمالی علاقوں میں پھر سے تشدد اور دہشت گردی کی کاروائیاں تیز ہو رہی ہیں جس پر سوات اور شانگلہ کے لوگوں نے احتجاج بھی کیا تھا۔
گزشتہ ماہ طالبان مخالف ایک امن کمیٹی کے ممبر کو آٹھ دوسرے لوگوں کے ساتھ اس وقت قتل کر دیا گیا تھا جب ان کی گاڑی سوات میں ایک خودکش حملے کا شکار ہوئی تھی۔