Nov ۰۱, ۲۰۲۲ ۱۴:۴۶ Asia/Tehran
  • گوجرانوالا میں پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے باعث منگل کو عام تعطیل کا اعلان

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر گونجرا نوالہ میں پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے باعث منگل کو عام تعطیل کردی گئی۔

سحر نیوز/پاکستان: عمران خان کی قیادت میں لاہور سے اسلام آباد کی جانب روانہ ہونے والا لانگ مارچ جاری ہے۔ عمران خان نے پہلے ہی اعلان کر رکھا ہے کہ رات میں لانگ مارچ جاری نہیں رکھا جائے گا بلکہ جہاں رات ہوگی وہیں پڑاؤ ڈال دیا جائے گا اور دوسرے دن اسلام آباد کی جانب مارچ کا دوبارہ آغاز کیا جائے گا۔
لانگ مارچ میں شریک پی ٹی آئی کے کارکنوں نے پیر کی رات گونجرانوالہ میں گزاری اور منگل کو اسلام آباد کی جانب اپنے مارچ کا دوبارہ آغاز کیا۔
پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے باعث منگل کو گونجرانوالہ میں جی ٹی روڈ کے اطراف کے سبھی تعلیمی ادارے بند کردیئے گئے تھے۔
اسلام آباد کی جانب پی ٹی آئی کا لانگ مارچ ایسی حالت میں جاری ہے کہ پاکستانی ابلاغیاتی ادارے اور ان سے وابستہ افراد مارچ کے دوران فوج کے خلاف عمران خان کے براہ راست حملوں پر تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔
پاکستانی صحافتی حلقوں کا کہنا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ اب عمران خان نے اپنی لڑائی کا رخ پوری طرح فوجی اسٹیبلشمنٹ کی طرف موڑ دیا ہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ فوج کے خلاف ان کے الزامات کی فہرست لمبی ہوتی جارہی ہے۔
پاکستانی میڈیا سے وابستہ لوگوں کا دعوی ہے کہ خود پی ٹی آئی کے دیگر لیڈران اور کارکن بھی نہیں جانتے کہ عمران خان کہاں جا کر رکیں گے۔
اسی کے ساتھ پاکستان کی وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے الزام لگایا ہے کہ عمران خان فوج کو مارشل لا کی دعوت دے رہے ہیں۔

 

ٹیگس