لانگ مارچ نہیں رکے گا، زخمی ہونے کے بعد عمران خان کا بیان
تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے کنٹینر پر فائرنگ کے بعد عمران خان نے لانگ مارچ آج کے روز ختم کرنے کا حکم دیدیا۔
سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے زخمی ہونے کے بعد اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ لانگ مارچ ہر صورت اسلام آباد پہنچے گا، ڈرنے والے نہیں۔ کہا تھا نہیں جھکوں گا، مزید ڈٹ کر مقابلہ ہوگا۔
عمران خان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی لانگ مارچ کل دن 11 بجے دوبارہ سے شروع ہو گا، لانگ مارچ ہر صورت اسلام آباد پہنچے گا، ہم کسی سے ڈرنے والے نہیں۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ میں کنٹینر پر فائرنگ کرنے والے ملزم کا رد عمل سامنے آ گیا ہے۔
ملزم فیصل بٹ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وزیر آباد میں لانگ مارچ کے دوران کنٹینر پر فائرنگ کرتے ہوئے صرف عمران خان کو مارنے کی کوشش کی تھی، میں نے عمران خان کو گولی مارنے کی کوشش کی، میں نے عمران خان کو مارنے کا اچانک فیصلہ کیا۔ کیونکہ عمران خان لوگوں کو گمراہ کر رہے تھے۔
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کی آج منزل وزیر آباد تھی جہاں پر شہر میں پاور شو کا مظاہرہ کیا جانا تھا، تاہم اس سے قبل ہی سابق وزیراعظم عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ کر دی گئی جس کے باعث پی ٹی آئی چیئرمین ، سینیٹر فیصل جاوید، احمد ناصر چٹھہ سمیت متعدد کارکن زخمی ہوئے جبکہ ایک کارکن جاں بحق ہوا۔