Nov ۱۰, ۲۰۲۲ ۰۹:۲۸ Asia/Tehran
  • پی ٹی آئی کارکن۔ (فائل فوٹو)
    پی ٹی آئی کارکن۔ (فائل فوٹو)

پاکستان کے دارالحکومت کے جڑواں شہر میں تحریک انصاف کا دھرنا چوتھے روز میں داخل ہوگیا جب کہ اس کے باعث راستے بند ہونے سے شہریوں کو شدید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

سحر نیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا کے مطابق راولپنڈی مری روڈ سمیت 5 اہم شاہراہوں پر مظاہرین نے احتجاجی کیمپ قائم کررکھے ہیں۔ اہم اور سب سے زیادہ استعمال ہونے والی شاہراہ شمس آباد سے مکمل بند ہے، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

دریں اثنا راولپنڈی میں تعلیمی ادارے کئی روز سے بند ہیں۔ مری روڈ سے اسلام آباد جانے والے شہریوں کو زحمت کا سامنا ہے جب کہ دفاتر اور دیگر منزلوں پر جانب والے افراد بڑی تعداد میں ٹریفک میں پھنسے ہوئے ہیں۔

دوسری جانب ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے تمام تعلیمی ادارے آج جمعرات کو کھلے رہیں گے جب کہ وفاقی دارالحکومت کی حدود میں تمام سڑکیں کھلی ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تعلیمی ادارے کھلے رکھنے سے متعلق نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا ہے۔

در ایں اثناء پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) کے صدر لیفٹیننٹ کرنل ریٹائرڈ غلام شبیر نے سابق وزیراعظم و چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو خط لکھ کر حقیقی آزادی لانگ مارچ 13 نومبر شام 4 بجے تک مؤخر کرنے کی درخواست کی ہے۔

پی ایم اے کے صدر کا کہنا تھا کہ ایم ڈی کیٹ امتحانات پہلے ہی دو ماہ تاخیر کا شکار ہو چکے ہیں اب امتحانات مزید تاخیر سے بچوں کے تعلیمی سال کا ضیاع ہو گا۔

ادھر پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی انٹیلی جنس ایجنسیوں کو حالیہ دھرنے (لانگ مارچ) اور سیاسی سرگرمیوں کے دوران قانون کے مطابق احکامات پر عمل درآمد نہ کرنے والے افسران کی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی جانب سے یہ احکامات خیبرپختونخوا اور پنجاب کے سرکاری افسران کے لیے دیے گئے ہیں، رپورٹس کی بنیاد پر افسران کی پرموشن کا جائزہ لیا جائے گا۔

 

ٹیگس