Dec ۰۱, ۲۰۲۲ ۱۵:۳۶ Asia/Tehran
  • عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے: وزیراعلی پنجاب

وزیرِ اعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے زمان پارک میں ملاقات ہوئی ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان: وزیرِاعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے زمان پارک میں ہونے والی ملاقات میں سیاسی صورت حال اور پنجاب اسمبلی کی تحلیل سے متعلق امور پر گفتگو ہوئی۔

اس اہم ملاقات میں پرویز الٰہی نے پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کے معاملے پر اپنی تجاویز عمران خان کے سامنے رکھ دیں۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ اسمبلیوں سے استعفے دینے کا فیصلہ عمران خان کا ہے جس کی مکمل حمایت کرتے ہیں، اسمبلیاں تحلیل کرنے اور مستعفی ہونے کی صورت میں ملک کو عام انتخابات کی طرف جانا چاہیے۔

پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے سے قبل آئینی آپشنز اور پی ڈی ایم کی متوقع حکمت عملی پر بھی بات چیت کی گئی۔

چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ پی ڈی ایم کے پاس پنجاب میں عدم اعتماد کی تحریک لانے کے لیے مطلوبہ ارکان کی اکثریت موجود نہیں، پی ڈی ایم صرف شور شرابہ کر رہی ہے ان کو ایوان میں شکست فاش دیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ وہ عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے، اپوزیشن کے ہر ہتھکنڈے کا بھرپور جواب دیں گے۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں پرویز الٰہی اور مونس الٰہی نے عمران خان کو اپنی مکمل حمایت کی یقین دہانی کرا دی، ملاقات میں عمران خان اور پرویز الٰہی نے پنجاب اسمبلی کی تحلیل کے حوالے سے لائحہ عمل طے کرنے پر مشاورت کی۔

اس حوالے سے ذرائع کی جانب سے مزید بتایا گیا کہ عمران خان اسمبلی کی تحلیل پر چودھری پرویز الٰہی کی غیر مشروط حمایت حاصل کرنے کے بعد کل پنجاب کی پارلیمانی پارٹی سے ملاقات کریں گے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی نے کہا ہے کہ عمران خان جب چاہیں گے پنجاب اسمبلی تحلیل ہو جائے گی۔

مونس الٰہی نے لکھا کہ عمران خان کو ملاقات میں یقین دہانی کروادی ہے کہ وزارت اعلیٰ ان کی امانت ہے، پی ٹی آئی چیئرمین جب چاہیں گے اسمبلی تحلیل ہو جائے گی۔

ٹیگس