Dec ۰۲, ۲۰۲۲ ۱۶:۳۸ Asia/Tehran
  • ثقافت ، صحافت اور سیاحت کے شعبوں میں  ایران پاکستان تعلقات میں توسیع پرتاکید

ایران اور پاکستان صحافت اور سیاحت کے شعبے میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کو فروغ دیں گے۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کی وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے اسلام آباد میں ایران کے سفیر محمد علی حسینی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ثقافت اور صحافت جیسے شعبے دونوں ملکوں کے عوام کو ایک دوسرے سے مزید قریب کرسکتے ہیں
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک دو طرفہ تعاون کے ذریعے باہمی ثقافتی رابطوں کے ساتھ ساتھ اقتصادی تعلقات اور تجارتی لین دین میں بھی اضافہ کرسکتے ہیں۔ 
پاکستان کی وزیراطلاعات و نشریات کا کہنا تھا کہ ایرانی سفیر کے ساتھ ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان سرکاری سطح پر ہنرمندوں اور خاص طور سے قرآنی کریم کی کتابت کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
اس موقع پر ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی نے دونوں ملکوں کے میڈیا ہاوسز کے تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی ہنر مند فن کے مختلف شعبوں میں اپنے پاکستانی بھائیوں کو تربیت فراہم کرسکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عوامی رابطوں اور تعلقات کو فروغ دے کر ایران اور پاکستان کے درمیان پائی جانے والے ثقافتی ہم آہنگی اور مذہبی رشتوں کومزید مضبوط بنایا جاسکتا ہے۔ 
 

ٹیگس