تحریک انصاف کی نئی تحریک، الیکشن کراؤ ملک بچاؤ
پاکستان کے سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے تصدیق کی کہ پی ٹی آئی اور وفاقی حکومت کے درمیان قبل از وقت انتخابات کے حوالے سے “غیر رسمی رابطے” شروع ہو گئے ہیں۔
سحر نیوز/پاکستان: تحریک انصاف نے عام انتخابات کے لیے وفاقی حکومت پر مزید دباؤ بڑھانے کا فیصلہ کرلیا، جس کے تحت چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں منظوری کے بعد الیکشن کراؤ ملک بچاؤ ریلیوں کا شیڈول بھی جاری کردیا گیا ہے۔ ریلیوں میں مہنگائی، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور انصاف کی فراہمی کے معاملات کو بھی اجاگر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
الیکشن کراؤ ملک بچاؤ مہم کے پہلے مرحلے کے تحت لاہور میں 11 روز ریلیاں نکالی جائیں گی۔ ان ریلیوں کی قیادت پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت کرے گی۔
دوسری جانب سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے تصدیق کی کہ پی ٹی آئی اور وفاقی حکومت کے درمیان قبل از وقت انتخابات کے حوالے سے “غیر رسمی رابطے” شروع ہو گئے ہیں۔
لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ ہمارے ساتھ بیٹھ کر بات کریں، ہمیں عام انتخابات کی تاریخ دے دیں ورنہ ہم اپنی اسمبلیاں تحلیل کر دیں گے۔
انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ ہم نے انہیں یہ سمجھانے کی کوشش کی ہے کہ انتخابات کے علاوہ کوئی بھی نظام ملک میں استحکام نہیں لا سکتا۔
فواد چوہدری نے زور دے کر کہا کہ ان کی پارٹی مسلح افواج اور عدلیہ کے ساتھ تعلقات میں “بہتری” کی خواہاں ہے، ہم نہیں چاہتے کہ فوج یا عدلیہ سے ہمارے اختلافات بڑھیں، ہم مسلسل کوشش کر رہے ہیں کہ اداروں کے ساتھ ہمارے اختلافات کم ہوں۔
پی ٹی آئی نے قبل از وقت انتخابات کے لئے نئی تحریک ایسے عالم میں شروع کرنے کا اعلان کیا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف اس سے قبل یہ واضح لفظوں میں کہہ چکے ہیں کہ عام انتخابات اگلے سال اپنے وقت پر ہی ہوں گے۔