Dec ۰۸, ۲۰۲۲ ۱۰:۰۱ Asia/Tehran
  • انتخابات میں بڑی رکاوٹ مولانا فضل الرحمٰن، اسمبلیوں کی تحلیل میں کون؟

شیخ رشید نے کہا ہے کہ اگر مذاکرات سے انتخابات کا راستہ نہیں نکلتا تو صوبائی اسمبلیاں گرانے کے سوا کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے۔

سحر نیوز/پاکستان: ملک میں قبل از وقت عام انتخابات کرانے کے حوالے سے پاکستان کے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن انتخابات میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں شیخ رشید نے حکومتی اتحاد پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کو الیکشن میں رکاوٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر مذاکرات سے انتخابات کا راستہ نہیں نکلتا تو صوبائی اسمبلیاں گرانے کے سوا کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) عوام میں جانے کی پوزیشن میں نہیں ہے۔ حکومت کی پالیسی ہے کہ نہ خود کھیلیں گے اور نہ کسی کو کھیلنے دیں گے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ساری پارٹیاں عمران خان کا راستہ روکنے کے لیے اکھٹی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ معیشت ہی در حقیقت قومی سلامتی ہے۔

دوسری جانب سوال یہ پیدا ہو رہا ہے کہ اگر شیخ رشید کی یہ بات کہ مولانا فضل الرحمٰن انتخابات میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں، درست ہے تو پھر پنجاب اور خیبر پختونخوا کی اسمبیلوں کو تحلیل کرنے کے عمران خان کے اعلان اور اس پر عمل میں کون رکاوٹ بنا ہوا ہے۔ واضح رہے کہ صوبائی اسمبلیاں تحلیل کرنے کا عزم پارٹی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی جانب سے دوبارہ ظاہر کیا گیا ہے مگر تاحال اس حوالے سے کوئی حرکت دیکھنے میں نہیں آئی ہے۔

ٹیگس