جمعہ 23 دسمبر کو پنجاب اور خیبرپختونخوا کی اسمبلیاں تحلیل کردیں گے : عمران خان
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ آئندہ جمعے 23 دسمبر کو پنجاب اور خیبرپختونخوا کی اسمبلیاں تحلیل کردیں گے اور پھر 123 اراکین استعفوں کی تصدیق کے لیے قومی اسمبلی جائیں گے۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے سابق وزیراعظم اور تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے زمان پارک سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کیا، اس موقع پر اُن کے ساتھ وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ اور وزیر اعلیٰ کے پی کے محمود خان بھی موجود تھے۔ اس موقع پر انہوں نے23 دسمبر کو پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلیاں توڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہےکہ اگلے جمعے کو دونوں اسمبلیاں توڑ دیں گے اور اس کے بعد قومی اسمبلی میں اسپیکر کے سامنے جاکر کہيں گے کہ ہمارے استعفے قبول کرو۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے پھر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ چلتی ہوئی اچھی بھلی حکومت کو بیرونی سازش سے ہٹانے کے پيچھے صرف ایک آدمی جنرل باجوہ ہے۔
عمران خان نے کہا کہ حکومت گرنے پر عوام ہمارے ساتھ کھڑے ہوگئے، عوام کے ہمارے ساتھ کھڑے ہونے پر ریٹائرڈ جنرل باجوہ کو غلطی مان لینی چاہیے تھی وہ عقل کُل تو نہيں تھے۔
انہوں نے کہا کہ جنرل باجوہ نے جو ظلم کروایا ویسا پہلے کبھی نہیں ہوا، موجودہ حکومت کو این آر او ٹو جنرل باجوہ نے دیا ہے، جنرل باجوہ کو کہتے رہے کہ نیب آپ کے نیچے ہے کیوں ان لوگوں کے خلاف کارروائی نہیں کرتے، بعد میں پتہ چلا کہ ان کی تو نیت ہی نہیں احتساب کرنے کی، کہا گیا کہ احتساب کو بھول جائيں معیشت کو ٹھیک کریں۔
عمران خان نے کہا کہ اگر موجودہ حکومت نے معیشت بہتر طور پر چلائی ہوتی تو ہم کہتے کہ یہ مدت پوری کر لیں لیکن یہ ڈیفالٹ کی طرف جا رہے ہیں، ڈر ہے کہ یہ اکتوبر میں بھی الیکشن نہیں کروائيں گے، کیوں کہ انہيں پتہ ہے کہ جب بھی الیکشن ہوں گے یہ ہار جائيں گے، الیکشن کمشنر بد دیانت آدمی ہے جو ان کے ساتھ ملا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 50 سال کے بعد آج سب سے زیادہ ملک میں مہنگائی ہوئی ہے۔