Dec ۲۰, ۲۰۲۲ ۱۴:۲۱ Asia/Tehran
  • ایران و پاکستان کے باہمی تعلقات و تعاون کی تقویت کی ضرورت پر تاکید

پاکستان کے نئے آرمی چیف نے تہران کے ساتھ اسلام آباد کے تاریخی، دوستانہ اور برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ پاکستان کے تعاون کی توسیع کی ضرورت پر زور دیا۔

سحر نیوز/ پاکستان: ارنا کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے نئے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے اسلام آباد میں ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی سے گفتگو میں علاقائی اور عالمی اداروں میں اور اسی طرح خاص طور سے انسانی حقوق اور پرامن ایٹمی پروگراموں کے بارے میں ایران کے مواقف کی حمایت کرتے ہوئے ایران کے خلاف ظالمانہ پابندیوں پر مخالفت کا اظہار کیا۔

جنرل عاصم منیر نے ایران کی کامیابیوں کی آرزو کی اور ایران کے ساتھ تعلقات خاص طور سے اقتصای شعبے میں تعلقات و تعاون کی تقویت کی اہمیت  پر زور دیتے ہوئے اس سلسلے میں دونوں ملکوں کی توانائیوں اور گنجائشوں سے استفادہ کئے جانے پر تاکید کی ۔ انھوں نے سرحدوں کو مزید محفوظ بنانے اور دفاعی وفوجی تعلقات و تعاون کے فروغ کی غرض سے دفاعی و فوجی وفود کے تبادلوں کی ضرورت پر بھی تاکید کی ۔

اس ملاقات میں فریقین نے افغانستان سمیت علاقے کی موجودہ صورت حال کے بارے میں تبادلہ خیال کیا اور علاقے میں امن و استحکام کے قیام کے لئے تہران و اسلام آباد کی جانب سے کوششیں جاری رکھے جانے پر زور دیا۔

ٹیگس