Jan ۰۳, ۲۰۲۳ ۱۷:۰۳ Asia/Tehran
  • پاکستان کو دلدل سے نکالنے کیلئے انتخابات ضروری: عمران خان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے حکومت کے خلاف وائٹ پیپر جاری کرتے ہوئے انتخابات اور قانون کی بالادستی پر زور دیا اور کہا کہ ملک کو اس دلدل سے نکالنےکا حل یہ ہے کہ پاکستان کو ایسے چلانا پڑے گا جو آج تک ہم نے نہیں چلایا۔

سحر نیوز/ پاکستان: پی ٹی آئی کی جانب سے پاکستان کی معاشی صورت حال سے متعلق وائٹ پیپر جاری کرنے کے موقع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اس وقت ساری قوم کو ایک خوف آرہا ہے کہ پاکستان کہاں جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ساڑھے 7 لاکھ پاکستانی جو پروفیشنلز تھے وہ 7 مہینے میں ملک چھوڑ گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ معیشت سیاست سے جڑی ہوئی ہے، دنیا میں کوئی معیشت تنہائی میں نہیں چل سکتی اس لیے سمجھنا پڑے گا کہ کس پس منظر کی وجہ سے یہ سب کچھ ہورہا ہے، یہ سمجھے بغیر صحیح تجزیہ نہیں ہوتا اور درست حل تجویز نہیں کر سکتے کہ ملک معاشی دلدل سے کیسے نکلے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اسٹیٹس کو کا سارا سیٹ اپ ایک چیز پر متفق ہے کہ انتخابات نہیں کروانے ہیں اور بدقسمتی سے انتخابات ہی واحد حل ہے، اگر ہمیں اس دلدل سے نکلنا ہے تو آئی ایم ایف میں جائے بغیر کوئی چارہ نہیں ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہمارا سب سے بڑا مسئلہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ ہے یعنی ہمارے پاس ڈالرز کم ہیں، ان کی حکومت نے طویل مدتی منصوبہ بندی نہیں کی، جو ملک اپنی برآمدات نہیں بڑھائے گا تو وہ کیسے کہہ سکتا ہے کہ پاکستان ایشیا کا ٹائیگر بن جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں کہا گیا کہ معیشت اور دیگر پر قومی اتفاق رائے پیدا کرنی چاہیے اور بڑی دلچسپ بات کی کہ ڈالر ملک سے باہر جا رہے ہیں روکنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں آمروں کو نکال دیں، سیٹو اور سینٹو میں ایوب خان کے پاس آنے والے امریکا کے ڈالر، ضیاالحق کے زمانے میں افغان جنگ میں آئے اور پھر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنے 80 ہزار افراد قتل کروا کر جو ڈالر آئے وہ نکال دیں تو یہ پاکستان کی تاریخ کی سب سے بہترین کارکردگی ہے۔

وفاقی حکومت کے اقدامات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مہنگائی 50 سال میں سب سے زیادہ کی، آٹا، بجلی، پیٹرولیم، پیاز، ٹماٹر، گھی اور دالوں کی قیمتیں 100 سے 200 فیصد بڑھ گئیں۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ اس وقت پاکستان کو خوف ناک منظر کا سامنا ہے، ایک طرف بے روزگاری اور دوسری طرف مہنگائی کا کمبی نیشن ملک کے لیے بڑا خطرناک ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ انتخابات اور قانون کی بالادستی کے بغیر پاکستان کو اس وقت مشکل سے کوئی نہیں نکال سکتا، ہمیں بڑی تبدیلیاں کرنی پڑیں گی اور پاکستان میں اب قانون کی بالادستی قائم کرنا ناگزیر ہوچکا ہے، اس کے بغیر ہم ایک آزاد، خود مختار اور غیرت مند قوم نہیں رہ سکتے۔

ٹیگس