قاتلانہ حملہ منصوبہ بند سازش تھی، عمران خان
تحریک انصاف کے رہنما اور پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر اپنے اوپر ہونے والے قاتلانہ حملے کو منصوبہ بند سازش کا حصہ قرار دیا ہے۔
سحر نیوز/ پاکستان: ویڈیو لنک کے ذریعے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عمران کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی رپورٹ سے ثابت ہوگیا ہے کہ مجھے منصوبہ بندی کے تحت قتل کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔
عمران خان نے ایک بار پھر کہا کہ انہوں نے ویڈیو بنا کر ملک سے باہر بھجوا دی ہے جس میں ان چار لوگوں کے نام بیان کیے گئے جو مجھے قتل کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے استفسار کیا کہ پنجاب میں ہماری حکومت ہے لیکن، ایف آئی آر سے کون سی طاقت روک رہی تھی؟۔
عمران خان نے کسی خاص ادارے کا نام لیے بغیر کہا کہ میرے قتل کی سازش میں وہ لوگ ملوث ہیں جنہیں ہم محافظ سمجھتے ہیں۔
ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستان کے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے عمران خان کو دو نمبر آدمی اور ڈرامہ باز شخص قرار دیا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان دو نمبر آدمی ہیں، فائر اسے نہیں لگا، اگر صیح فائر لگا ہو تو دو ہفتے تک بندہ ہل نہیں سکتا، پچھلے ڈیڑھ ماہ سے عمران خان ڈرامہ کر رہا ہے.