آٹے کے حصول کے دوران بھگدڑ، ایک شخص دم توڑ گیا
پاکستان کے جنوبی صوبے سندھ کے شہر میرپور خاص میں سستے آٹے کے حصول کے لیے آنے والے ہجوم میں بھگدڑ مچ جانے کے باعث کم سے کم ایک شخص دم توڑ گیا ہے۔
سحر نیوز/ پاکستان: بھگدڑ کا یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب پاکستان کو آٹے کے شدید بحران کا سامنا ہے اور آٹے کی قیمت ایک سو ساٹھ روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔
میڈیا رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ جیسے ہی سامان سے لدا ٹرک پہنچا تو ہجوم نے ٹرک پر دھاوا بول دیا ۔ پولیس اہلکاروں نے ہجوم کو قابو کرنے کی کوشش کی لیکن وہ مکمل طور پر ناکام نظر آئے۔ بھگدڑ کے دوران ایک شخص جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔
افسوس ناک واقعے کے بعد وہاں موجود لوگوں میں شدید غم و غصہ پایا گیا جبکہ کچھ لوگوں نے لاش کو پریس کلب کے سامنے رکھ کر شدید احتجاج کیا اور محکمہ خوراک اور ضلعی انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی ۔ پنجاب کے بھی بعض شہروں اور اضلاع میں آٹے کی شدید قلت کے خلاف لوگوں نے احتجاجی مظاہرے کئے ہیں۔