Jan ۱۷, ۲۰۲۳ ۱۷:۰۳ Asia/Tehran
  • پاکستانی وزیر اعظم کی جانب سے ہندوستانی وزیر اعظم کو مذاکرات کی دعوت

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی کو سنجیدہ اور مثبت مذاکرات کی دعوت دی ہے

سحرنیوز/پاکستان: پاکستان کے وزیراعظم شہبازشریف نے ایک عرب میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ہندوستان دونوں کو فضول کی کشمکش اور مخاصمت سے باہر نکلنا ہوگا - انہوں نے کہا اگر بقول ان کے ہندوستان اپنا رویّہ تبدیل کرے تو ہمیں مذاکرات کے لئے تیار پائے گا-
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ ساتھ مل کر بیٹھیں اور مسائل کے حل کے لئے سنجیدہ مذاکرات کریں- انہوں نے ہندوستانی وزیراعظم سے کہا کہ ہم کشمیر سمیت تمام حل طلب مسائل کے حل کے لئے مذاکرات کریں۔ شہباز شریف کا یہ بھی کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات کی قیادت ہندوستان اور پاکستان کو مذاکرات کی میز پر لانے میں کلیدی کردار ادا کرسکتی ہے-
پاکستانی وزیراعظم نے یہ بیان ایک ایسے وقت دیا ہے جب متحدہ عرب امارات کے سربراہ عنقریب ہندوستان کا دورہ کرنے والے ہیں- شہبازشریف نے کہا کہ ہندوستان ہمارا ہمسایہ ملک ہے اس لئے ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم امن و خوشحالی کے ساتھ رہیں-
ان کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تین جنگیں ہوچکی ہیں جن کا نتیجہ غربت و افلاس کی صورت میں نکلا ہے اس لئے ماضی سے سبق سیکھنا چاہئے اس لئے میں ہندوستانی وزیراعظم کو پیغام دیتاہوں کہ مل کر بیٹھیں مسائل کے حل کے لئے بات چیت کریں۔

ٹیگس