دہشتگردوں کی فائرنگ میں چار پاکستانی فوجیوں کی موت، ایران نے کی مذمت
پاکستان کے صوبے بلوچستان کے ضلع پنجگور میں دہشت گردوں کی فائرنگ میں کم از کم چار پاکستانی فوجیوں کے مارے جانے کی خبر ہے۔
سحر نیوز/پاکستان: پاکستانی ذرائع نے فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے جاری کردہ بیان کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ بلوچستان کے ضلع پنجگور میں پاکستان ایران سرحد کے قریبی علاقے چکاب سیکٹر میں دہشت گردوں کی فائرنگ میں چار سپاہی مارے گئے۔
پاکستانی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ دہشتگردوں نے اس حملے کے لئے ایران کی زمین استعمال کی ہے۔
پاکستان کے مختلف علاقوں منجملہ بلوچستان میں سیکیورٹی اہلکاروں پر دہشت گردانہ حملے مسلسل ہوتے رہے ہیں اور ان کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ پاکستانی حکومت ان حملوں کا ذمہ دار اکثر و بیشتر کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کو قرار دیتی رہی ہے۔
اسلام آباد میں ایران کے سفارتخانے نے ایک بیان جاری کر کے اس دہشتگردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے مرنے والے اہلکاروں کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کیا۔ ایرانی سفارتخانے کے بیان میں آیا ہے کہ دہشتگردی دو پڑوسی ممالک ایران و پاکستان کا مشترکہ درد ہے اور دونوں ہی اس نحوست کا شکار ہیں۔
پاکستان کی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے بھی ایک بیان جاری کیا جس میں انہوں نے کہا ہے کہ دہشتگرد عناصر ایران و پاکستان کے تعلقات کو بگاڑنے کی کوشش کر رہے ہیں مگر ہم دہشتگردی کو شکست دینے کے لئے پرعزم ہیں۔