عمران خان سے پی ٹی آئی رہنماؤں کی ملاقات
پاکستان تحریک انصاف نے آئندہ انتخابات کے لئے تیاریاں شروع کردی ہیں ۔
سحر نیوز/ پاکستان: پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے لاہور میں سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور دیگر رہنماؤں سے ملاقات میں صوبہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کی اسمبلیوں کی تحلیل کے بعد کے حالات اور انتخابات کے تعلق سے مشاورت کی ۔انھوں نے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت دی کہ امیدواروں کی شاٹ لسٹ جلد سے جلد تیار کرکے پیش کی جائے۔ عمران خان نے اسی کے ساتھ اعلان کیا کہ انتخابات میں پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم کا فیصلہ وہ خود کریں گے۔ انھوں نے واضح کیا کہ صرف مخلص امیدواروں کی ہی پارٹی کا ٹکٹ دیا جائے گا۔
لاہور میں پی ٹی آئی چیئر مین عمران خان سے قانون دانوں اور وکیلوں کے ایک وفد نے بھی ملاقات کی۔ اس ملاقات میں ملک کے سیاسی حالات اور آئین و قانون کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ عمران خان نے اس ملاقات میں ایک بار پھر دعوی کیا کہ وہ آئین کی بالادستی اور قانونی کی حاکمیت کے لئے جنگ لڑ رہے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ قانون کی حکمرانی کے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا۔