Feb ۰۴, ۲۰۲۳ ۱۵:۰۳ Asia/Tehran
  • عمران خان نے جیل بھرو تحریک شروع کرنے کا اعلان کردیا

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق پاکستانی وزیر اعظم عمران خان نے جیل بھرو تحریک شروع کرنے کا اعلان کردیا

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے ویڈیو خطاب میں جیل بھرو تحریک  شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کارکن تیاری کرلیں، سگنل دوں گا تو گرفتاریاں دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت پاکستان کے حالات بڑے برے ہیں، ہم اُس وژن سے اتنا دور جا رہے ہیں کہ مجھے خوف آرہا ہے کہ ہم بحیثیت قوم بچیں گے بھی یا نہیں، قوم جو اپنے نظریے سے ہٹ جاتی ہے وہ مر جاتی ہے۔

ویڈیو لنک خطاب میں عمران خان نے کہا کہ اسحاق ڈار نے ڈالر کم کرنے کی بڑھکیں ماریں، آئی ایم ایف کو دھمکیاں دیں، پھر گھٹنے ٹیک دیئے، مہنگائی کرنے والی حکومت ملک سے بھاگنے کی تیاری میں ہے۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ میرے اوپر اس وقت 60 سے زائد مقدمات درج ہیں، ہمیں ڈرانے دھمکانے کا مقصد میدان سے ہٹانا ہے، تاکہ لندن سے بھاگا بھاگا ایک شخص آئے اور الیکشن جیت سکے۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ ملک تماشہ دیکھ رہا ہے، 18 دن ہوگئے، پنجاب اور کے پی کے گورنرز نے انتخابات کی تاریخ نہیں دی، 90 دن بعد انتخابات نہیں ہوئے تو گورنرز کے خلاف آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت غداری کا مقدمہ بنے گا۔

عمران خان نے کہا کہ منصوبہ یہ تھا کہ عمران خان کو جیل میں ڈالا جائے، بولنے والوں کے منہ بند کیے جائیں، سارا ملک عدلیہ کی طرف دیکھ رہا ہے، امید ہے عدلیہ آئین کے ساتھ کھڑی ہوگی، قوم تماشہ دیکھ رہی ہے کہ 90 دن میں الیکشن ہوں گے یا نہیں؟

سابق وزیراعظم نے کہا کہ بیرون ملک ایک کروڑ پاکستانی مقیم ہیں، اگر ان میں سے 15 سے 20 لاکھ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنا شروع کردیں گے تو ہمیں کسی کے سامنے ہاتھ پھیلانے کی ضرورت نہیں پڑے گی، وہ اس لیے یہاں نہیں آتے کیونکہ ان کو ہمارے انصاف کے نظام پر اعتماد نہیں ہے اور جو ہمارے دور میں آئے تھے وہ اب ملک چھوڑ کر جانے کا سوچ رہے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں 50 سال کی مہنگی ترین مہنگائی ہے، اس وقت عام انسان جو چیزے خریدتا ہے، آٹے کی قیمت 60 روپے سے 150 روپے تک پہنچ چکا ہے، گیس، بجلی، گھی و تیل مہنگے ہو چکے ہیں اور مزید مہنگے ہونے جا رہے ہیں، جیسے جیسے روپیہ گرے گا جو چیزیں ہم باہر سے خریدتے ہیں وہ سب مہنگی ہو جائیں گی۔

ٹیگس