Feb ۰۸, ۲۰۲۳ ۱۳:۱۸ Asia/Tehran
  • پاکستان؛ ٹی ٹی پی کے خلاف سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 12 دہشت گرد ہلاک

پاکستان کے صوبے خیبرپختونخواہ میں خفیہ اطلاعات پر مبنی سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں ٹی ٹی پی کے 12 دہشت گردوں کے مارے جانے کی خبر ہے۔

سحرنیوز/پاکستان: پاکستان کی فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ترجمان کے مطابق سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 12 دہشت گرد مارے گئے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے خفیہ ادارے ایک ہفتے سے دہشت گردوں پر نظر رکھے ہوئے تھے اور دہشت گردوں کو ان کے ٹھکانے سے باہر نکالنے کے مقصد سے انکے لئے گاڑی کے ذریعے فرار ہونے کا جال بچھایا گیا اور جب دہشت گرد وہاں سے ایک خاص مقام پر پہنچے تو سیکورٹی فورسز نے انہیں گھیر کر ان کا کام تمام کر دیا۔

ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ بارود کے علاوہ مبینہ طور پر افغانی کرنسی بھی ملی۔ پاکستان کے ادارے انسٹی ٹیوٹ فار کنفلکٹ اور سیکیورٹی اسڈیز کی رپورٹ کے مطابق جنوری 2023 جولائی 2018ء کے بعد سے سب سے زیادہ خطرناک مہینہ ثابت ہوا اور 139 فیصد اضافے کے ساتھ مرنے والوں کی تعداد 134 رہی۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں پشاور کے حساس علاقے میں ہونے والے حملے میں 80 سے زیادہ افراد جاں بحق ہو گئے تھے جن میں زیادہ تر تعداد سیکورٹی فورسز کے افراد کی تھی اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

ٹیگس