عمران خان آج لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہوں گے؟
سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی حفاظتی ضمانت کی درخواست سے متعلق کیس پر سماعت آج ہو گی۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان تحریک انصاف کی رہنما یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ عمران خان آج لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق عمران خان کی سیکیورٹی کلیئرنس کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے بھی رجوع کرلیا ہے، اس سلسلے میں انتظامی جج عابد عزیز شیخ کو درخواست دی گئی ہے۔
درخواست میں مؤقف دیا گیا کہ عمران خان کی زندگی کو لاحق خطرات کے پیش نظر پیشی کے موقع پر سیکیورٹی کلیئرنس کروائی جائے۔
عدالت نے حفاظتی ضمانت کی درخواست پر مختلف دستخط کی وضاحت کے لیے عمران خان کو آج پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر دو بجے تک پیش ہونے کی مہلت دے رکھی ہے۔
دوسری جانب عمران خان کی لاہور ہائی کورٹ میں پیشی کے تناظر میں پولیس کی اضافی نفری لاہور ہائی کورٹ میں پہنچ گئی تھی، ہائیکورٹ کے مرکزی گیٹ پر بھی پولیس تعینات کی گئی جب کہ خواتین پولیس اہلکاروں کی بڑی تعداد کو بھی ہائیکورٹ میں تعینات کیا گیا ہے۔
ادھر عمران خان کی ذاتی سیکیورٹی ٹیم نے ہائی کورٹ کا دورہ کیا، سیکیورٹی ٹیم نے ہائی کورٹ کے مرکزی گیٹس پر سیکیورٹی چیک کی، سیکیورٹی ٹیم نے ہائی کورٹ کے اندر بھی سیکیورٹی کا جائزہ لیا۔