پی ٹی آئی کی جیل بھرو تحریک کا آج سے آغاز، قریشی اور اسد عمر دینگے گرفتاری
تحریک انصاف کے لیڈران اور کارکنان آج سے خود کو جیل بھرو تحریک کے تحت گرفتاری کے لیے پیش کریں گے۔
سحر نیوز/پاکستان: معاشی عدم استحکام، پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں پر کریک ڈاؤن کے خلاف پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کی ’جیل بھرو تحریک‘ آج لاہور سے شروع ہو گی۔
تحریک کے پہلے مرحلے میں پارٹی کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی، اسد عمر، سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ، سینیٹر ولید اقبال، سابق صوبائی وزیر مراد راس سمیت 200 کارکنان گرفتاری دیں گے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فؤاد چودھری کا کہنا ہے کہ آج سے ایک غیرمعمولی اور منفرد تحریک کا آغاز ہو رہا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ لاہور شہر آج آئین کی بحالی، انسانی حقوق اور معاشی حقوق کے لیے میزبان بنے گا۔
فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ تمام پاکستانیوں سے گزارش ہے کہ وہ اپنے حق کے لیے کھڑے ہوں ورنہ سب کچھ کھو دیں گے۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف کی جیل بھرو تحریک آج لاہور میں شروع ہوگی، شاہ محمود قریشی نے 200 کارکنوں کے ساتھ آج لاہور میں گرفتاری دینے کا اعلان کیا ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ لاہور پولیس نے گرفتار نہ کیا تو گرفتاری دینے ملتان جائیں گے۔