جیل بھرو تحریک میں گرفتاریوں کا سلسلہ شروع، پی ٹی آئی کے چوٹی کے رہنما گرفتار
پی ٹی آئی کی جیل بھرو تحریک آج لاہور سے شروع ہوگئی۔
سحر نیوز/ پاکستان: جیل بھرو تحریک کے پہلے مرحلے میں پی ٹی آئی کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی، اسد عمر، اعظم سواتی، سینیٹر ولید اقبال، عمر سرفراز چیمہ اور زبیر نیازی نے گرفتاری دے دی، رہنماؤں سمیت کارکنوں نے بھی گرفتاریاں دینا شروع کر دی ہیں۔
پولیس نے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو قیدیوں کی گاڑی میں بٹھا لیا ۔ شاہ محمود قریشی نے کارکنوں کو سی سی پی او آفس کے باہر پہنچنے کی ہدایت کی تھی۔
تحریک انصاف کے کارکنان سی سی پی او آفس کے باہر بڑی تعداد میں جمع ہوئے ۔
گرفتاری دینے سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین و سابق وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جیل بھرو تحریک پر امن تحریک ہے ، پی ٹی آئی کے کارکنوں اور رہنماؤں کے خلاف جھوٹے مقدمات کے خلاف آج لاہور سے جیل بھرو تحریک کا آغاز کررہے ہیں۔