Mar ۰۴, ۲۰۲۳ ۰۸:۵۱ Asia/Tehran
  • پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں کی جیلوں سے رہائی

لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر جیل بھرو تحریک کے تحت راولپنڈی، لاہور اور ملتان سے گرفتاریاں دینے والے پی ٹی آئی کے رہنماؤں سمیت تمام کارکنان کو جیلوں سے رہا کر دیا گیا۔

سحر نیوز پاکستان: لاہور ہائی کورٹ کا تحریری حکم جاری ہونے کے بعد راولپنڈی سے گرفتاری دینے والے پی ٹی آئی رہنما فیاض الحسن چوہان اور زلفی بخاری سمیت 47 کارکنان کو شاہ پور جیل سے رہا کر دیا گیا۔

اس موقع پر پی ٹی آئی کے کارکنان کی بڑی تعداد جیل کے باہر موجود تھی، جنہوں نے رہائی پانے والے رہنما اور کارکنان پر گل پاشی کی جبکہ عمران خان کے حق میں نعرے لگائے۔

بعد ازں راجن پور جیل میں نظر بند کیے جانے والے پی ٹی آئی کے جنرل سیکریٹری اسد عمر سمیت 27 کارکنان ڈسٹرکٹ جیل سے رہا کیا گیا۔ علاوہ ازیں ڈیرہ غازی خان میں جیل بھرو تحریک کے سلسلے میں گرفتار سابق صوبائی وزیر مراد راس، سابق وفاقی وزیر زرتاج گل اور سابق مشیر صحت پنجاب محمد حنیف پتافی سمیت کارکنوں کو رہا کیا گیا۔

اس کے بعد اٹک جیل سے پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی اور کارکنان کو رہا کیا گیا۔

جیل بھرو تحریک کے تحت گرفتاری دینے والے کارکنان کو پنجاب کے دور دراز جیلوں میں منتقل کیا گیا تھا جس کے بعد انہیں ایم پی او کے تحت ایک ماہ کیلیے نظر بند بھی کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کی درخواست پر فیصلہ دیتے ہوئے پی ٹی آئی کے گرفتار رہنماؤں و کارکنان کو جیلوں سے رہا کرنے کا حکم دیا اور اس حوالے سے تحریری جکم نامہ بھی جاری کیا۔

ٹیگس