Mar ۱۶, ۲۰۲۳ ۱۶:۰۲ Asia/Tehran
  • عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے توشہ خانہ کیس میں سابق وزیر اعظم عمران خان کے وارنٹ گرفتاری معطل کرنے کی درخواست خارج کردی ہے اور 18مارچ کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم برقرار رکھا ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان: توشہ خانہ فوجداری کارروائی کیس میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد کے جج ظفر اقبال نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ریمارکس دیے کہ میں نے تفصیلی فیصلے میں سب کچھ لکھ دیا ہے کہ وارنٹ ہوتا کیا ہے اور کب جاری کیا جاتا ہے سب کچھ لکھ دیا ہے، امید ہے فیصلہ پڑھ کر آپ کو مزا آئے گا۔

قبل ازیں، عمران حان کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کرنے کے کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے کی۔ عمران خان کے وکیل خواجہ حارث اور فیصل چوہدری عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔

وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ کیا یہی سختی رکھنی ہے کہ عمران خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری رکھنے ہیں۔ جج نے ریمارکس دیے کہ وارنٹ گرفتاری عمران خان کی ذاتی حیثیت میں پیشی کے لیے ہیں، وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ عمران خان تو خود کہہ رہے ہیں کہ میں عدالت آنا چاہتا ہوں اور وہ استثنیٰ نہیں مانگ رہے بلکہ عدالت آنا چاہتے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ کیس میں ٹرائل کورٹ سے جاری وارنٹ گرفتاری منسوخ کرنے کے لیے دائر عمران خان کی درخواست خارج کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں دیا گیا بیان حلفی ٹرائل کورٹ میں پیش کریں، عدالت عالیہ نے عمران خان کے وارنٹ گرفتاری کا حکم برقرار رکھا تھا اور کہا تھا کہ ٹرائل کورٹ اس بیان حلفی پر قانون کے مطابق فیصلہ کرے۔

ٹیگس