Mar ۲۲, ۲۰۲۳ ۱۶:۳۸ Asia/Tehran
  • مجھے آپریشن کرکے مرتضیٰ بھٹو کی طرح قتل کرنے کا منصوبہ تیار ہو گیا ہے: عمران خان

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے دعوی کیا ہے کہ حکومت نے پولیس آپریشن کرکےمرتضیٰ بھٹوکی طرح مجھےگھرمیں قتل کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان: ویڈیو لنک خطاب میں پاکستان کے سابق وزیراعظم اورتحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے دعوی کیا ہے آئی جی پنجاب پولیس، آئی جی اسلام آباد اور ان کے پیچھے ان کے جو ہنڈلرز ہیں انہوں نے منصوبہ بنایا ہے کہ زمان پارک کے باہر آج یا کل آپریشن کرکے مرتضیٰ بھٹو کے قتل کی طرح مجھے قتل کریں گے۔

عمران خان نے کہا کہ آئی جی پنجاب اور آئی جی اسلام اباد نے دو اسکواڈز بنائی ہیں، وہ لوگ ہمارے لوگوں میں شامل ہوں گے اور گولیاں چلا کر 4 سے 5 پولیس اہلکار مارنے ہیں، ہمارے لوگوں میں شامل ہو کر انہوں نے 4 سے 5 پولیس اہلکاروں کو قتل کرنا ہے، اس کے بعد انہوں نے جوابی کارروائی کرنی ہے، گولیاں چلانی ہیں، ہمارے لوگوں کو ماریں گے، ماڈل ٹاؤن ٹائپ قتل عام کریں گے اور پھر کرتے کرتے میرے گھر آکر مرتضیٰ بھٹو کے قتل کی طرح مجھے قتل کریں گے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ یہ پلان بنا ہوا ہے، یہ انہوں نے آج کرنا ہے یا یہ انہوں نے کل کرنا ہے، میں یہ بات سب کو بتانا چاہتا ہوں، میں پنجاب پولیس کو بتانا چاہتا ہوں کہ آپ کے 5 لوگ یہ قتل کریں گے، صرف بہانہ بنانے کے لیے کہ یہ اٹیک کرنا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ میں اپنے کارکنوں کو آج پھر کہہ رہا ہوں کہ ہم نے کبھی کسی تصادم میں حصہ نہیں لینا، یہ جو مرضی کرتے رہیں، ہم نے کچھ نہیں کرنا، اس بار اگر یہ آپ کو اشتعال دلانے کی کوشش کریں تو آپ نے کسی قسم کا رد عمل نہیں دینا، آپ نے پولیس کو کہنا ہے کہ وہ آئیں، اگر انہوں نے مجھ سے کوئی بات کرنی ہے، میرے اوپر اب کوئی کیس نہیں ہے، مجھے تمام مقدمات میں ضمانت مل چکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی نیا وارنٹ لے کر آتے ہیں تو وہ میرے پاس آئیں، اگر انہوں نے میرے خلاف کوئی ایسی چیز نکالی جس میں مجھے جیل میں بھی جانا پڑا تو میں جیل میں چلا جاؤں گا لیکن میں نہیں چاہتا کہ میرے لوگوں کا قتل عام ہو۔

عمران خان نے کہا کہ میں جب اسلام آباد جوڈیشل کمپلیکس پہنچا تو اوپر سے پولیس والے پتھر مار رہے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ جیسا میری جوڈیشل کمپلیکس پیشی کے دوران کیا گیا، کیا اس طرح سے کبھی پہلے کسی کے ساتھ ایسا سلوک کیا گیا۔

عمران خان نے کہا کہ ہفتے کو مینار پاکستان جلسہ ایک ریفرنڈم ہوگا، قوم بتائے گی کہ وہ کدھر کھڑی ہے، یہ تاریخی جلسہ ہوگا، ہفتے کے روز آپ ایک جاگی ہوئی قوم کو دیکھیں گے، پوری قوم اس جلسے کو یاد رکھے گی، اگریہ ملک پربیٹھےرہے توآپ کاکوئی مستقبل نہیں، جتنے پیسےہم نے آئی ایم ایف سےلینے ہیں اس سے زیادہ ان کےباہرپڑے ہیں۔

ٹیگس