Apr ۲۳, ۲۰۲۳ ۰۵:۴۸ Asia/Tehran
  • ملک میں انصاف کا نظام لانے کیلئے سڑکوں پر نکلیں گے: عمران خان

عمران خان نے کہا ہے کہ ہم ملک میں انصاف اور قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں ۔

سحر نیوز/ پاکستان: زمان پارک میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ حکومت سپریم کورٹ کے فیصلے کو نہیں مان رہی، اگر ایسا ہوا تو قوم کو سڑکوں پر نکالوں گا ، عوام کو تیار کرنے کے لیے کسی بھی وقت کال دے سکتا ہوں۔

عمران خان نے کہا کہ ہم ملک میں انصاف اور قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں، حقیقی آزادی کی جنگ سب کو قانون کے تابع لانے کیلئے ہے، آزادی پلیٹ میں رکھ کر نہیں ملتی، قربانیاں دینی پڑتی ہیں ۔ انصاف اور حقوق دینے سے معاشرہ آزاد ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ غلامی میں ملک کا کوئی مستقبل نہیں ہے، ہمارا وزیراعظم باہر جاکر کہتا ہے مانگنے نہیں آیا مجبوری ہے، یہ غلامی کی بدترین مثال ہے، یہ غلام ذہینت کے لوگ اور صرف اپنے پیسے کے غلام ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ پاکستان کو مشکل سے نکالنے کیلئے انصاف کا نظام ٹھیک کرنا ہوگا، ہم نے ملک میں انصاف کا نظام لانا ہے، اہلکار آکر ہمارے بے گناہ کارکنوں کو پکڑ کر لے جاتے ہیں، یہ ظلم اور ناانصافی کی بدترین مثال ہے۔

دوسری جانب ہیوسٹن میں عید ملن پارٹی میں پاکستانی کمیونٹی سے ویڈیو لنک تقریر کے دوران عمران خان نے کہا کہ اب لوگوں میں شعور آچکا ہے اور جب قوم یہ جان جاتی ہے تو شعور کے جن کو کبھی بھی واپس بوتل میں بند نہیں کیا جا سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ہماری قوم ایسے مرحلے میں ہے کہ ایک چھوٹا سا مافیا ہے، اسٹیبلشمنٹ اس کی پشت پناہی کر رہی ہے اور ان کی پوری کوشش ہے کہ پاکستان پر سے کنٹرول نہ جائے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پر انہوں نے جو قبضہ کیا ہوا ہے وہ اس کو ہر ممکن طریقہ سے بچانے کی کوشش کر رہے ہیں، وہ الیکشن سے بھاگ رہے ہیں اور اس کی وجہ سے وہ آئین اور سپریم کورٹ کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ اس مافیا کو کوئی فرق نہیں پڑتا کہ عدلیہ بدنام ہو یا آئین ٹوٹ جائے، وہ ہر حال میں اپنا قبضہ بچانا چاہتے ہیں اور قبضہ الیکشن نہ ہونے سے ہی بچایا جاسکتا ہے کیونکہ ان کو معلوم ہے کہ اگر انتخابات ہوگئے تو ان کی اس ملک سے سیاست ہمیشہ ہمیشہ کیلئے ختم ہو جائے گی۔

ٹیگس