May ۰۹, ۲۰۲۳ ۰۸:۳۶ Asia/Tehran
  • مجھے 2 دفعہ قتل کرنے کی کوشش کی گئی: عمران خان

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ عزت صرف ایک ادارے کی نہیں، قوم کے ہر شہری کی ہونی چاہیے۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستانی میڈیا کے مطابق مقدمے میں پیشی کے سلسلے میں اسلام آباد روانگی سے قبل اپنے ویڈیو بیان میں عمران خان نے کہا کہ میں اسلام آباد کے لیے نکل رہا ہوں، پھر سے میری عدالت میں پیشیاں ہیں ۔ نکلنے سے پہلے 2 باتیں کرنا چاہتا ہوں۔

عمران خان نے کہا کہ آئی ایس پی آر نے بیان دیا ہے کہ ادارے کی توہین کردی، فوج کی توہین کردی کہ ایک انٹیلی جنس آفیسر کا نام لے دیا، جس نے 2 دفعہ مجھے قتل کرنے کی کوشش کی ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ آئی ایس پی آر صاحب! ذرا میری غور سے بات سنیں، عزت صرف ایک ادارے کی نہیں ہے، عزت ہر شہری کی ہونی چاہیے۔ اس وقت میں قوم کی سب سے بڑی پارٹی کا سربراہ ہوں ۔ 50 سال سے قوم مجھے جانتی ہے۔ مجھے کوئی جھوٹ بولنے کی ضرورت نہیں ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ اس آدمی نے 2 دفعہ مجھے قتل کرنے کی کوشش کی اور جب بھی انویسٹی گیشن ہوگی، میں یہ ثابت کروں گا  کہ یہ وہ آدمی تھا اور اس کے ساتھ پورا ٹولہ ہے اور اس کے ساتھ کون ہے، وہ بھی پوری قوم کو پتا ہے۔ سوشل میڈیا کے زمانے میں سب جانتے ہیں کہ وہ کون ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرا سوال یہ ہے کہ کیا ایک ملک کا سابق وزیراعظم ایک ایف آئی آر نہیں کٹوا سکا، کیونکہ اس آدمی کا نام آ گیا ۔ سچ اور جھوٹ کا تو تب پتا چلنا تھا جب انویسٹی گیشن ہوتی۔ایف آئی آر اس کے خلاف ہوتی، اگر یہ بے قصور تھا سامنے آ جانا تھا۔

دوسری جانب اداروں کے افسران پر الزامات کے بعد حکمران اتحاد نے عمران خان سمیت پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاری کا گرین سگنل دے دیا۔

اتحادیوں نے گرفتاریوں کے لیے ٹاسک وزارت داخلہ کو سونپ دیا۔ ذرائع نے انکشاف کیا کہ وزارت داخلہ پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاریاں نیب، ایف آئی اے اور مقامی پولیس کی مدد سے کرے گی جبکہ پی ٹی آئی کے چیئرمن عمران خان کی گرفتاری نیب یا ایف آئی اے کے ذریعے عمل میں لائی جاسکتی ہے۔

پی ٹی آئی کی ممکنہ احتجاجی تحریک کو ناکام بنانے کیلئے ملک بھر سے اہم رہنماؤں کی گرفتاریوں کی لسٹیں تیار کرلی گئیں ہیں۔

ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی احتجاجی تحریک میں وکلا تنظیموں، سول سوسائٹی اور عوام کی کثیر تعداد میں شرکت متوقع ہے۔ پی ٹی آئی کے چئیرمن عمران خان نے ممکنہ احتجاجی تحریک کا ہوم ورک پہلے ہی مکمل کر رکھا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان لاہور سے احتجاجی تحریک کی خود قیادت کریں گے۔

ٹیگس