May ۱۰, ۲۰۲۳ ۱۴:۵۸ Asia/Tehran
  • شاہ محمود قریشی گرفتار، عمران خان 8 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا القادر ٹرسٹ کیس میں 8 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا گیا۔

سحر نیوز/ پاکستان: پی ٹی آئی کے نائب صدر اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اس سے پہلے پی ٹی آئی کے جنرل سیکریٹری اور سابق وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کو بھی پولیس نے اسلام آباد ہائی کورٹ رٹ برانچ کے قریب گیٹ سے گرفتار کیا تھا۔

دوسری جانب احتساب عدالت نے نیب کی جانب سے ریمانڈ کی استدعا منظور کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان کو 17 مئی کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم جاری کردیا۔عدالتی حکم کے مطابق عمران خان کو تفتیش کے لیے نیب راولپنڈی کے حوالے کیا گیا ہے۔

قبل ازیں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو احتساب عدالت کے سامنے پیش کیا گیا، جہاں جج محمد بشیر نے وکلا کے دلائل، عمران خان کا بیان اور نیب کا مؤقف سننے کے بعد القادر ٹرسٹ کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا۔

سابق وزیراعظم کو القادر یونیورسٹی کیس میں گزشتہ روزاسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد آج احتساب عدالت کے روبرو پیش کیا گیا، جہاں نیب نے عمران خان کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کردی۔

نیب کی جانب سے عدالت میں عمران خان کی گرفتاری کی وجوہات پیش کردی گئیں۔ دوران سماعت عمران خان کے وکیل خواجہ حارث، علی بخاری اور  بیرسٹر گوہر عدالت میں پیش ہوئے اور عمران خان کے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کی۔

دوران سماعت عمران خان کی میڈیکل رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی، جس میں چیئرمین پی ٹی آئی فِٹ قرار پائے ہیں ۔ بعد ازاں احتساب عدالت نے نیب کی جانب سے جسمانی ریمانڈ کی استدعا منظور کرتے ہوئے  عمران خان کا 8 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے 17 مئی کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم جاری کردیا۔

واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو گزشتہ روز نیب نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے رینجرز کی مدد سے گرفتار کیا تھا، جس کے بعد ملک بھر میں پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ وفاقی و صوبائی دارالحکومتوں سمیت کئی شہروں میں  جلاؤ گھیراؤ کے بعد شدید ہنگامہ آرائی جاری رہی جب کہ کئی مقامات پر پولیس اور پی ٹی آئی کارکنوں کے مابین جھڑپیں بھی ہوتی رہیں۔

ٹیگس