May ۱۱, ۲۰۲۳ ۰۷:۱۳ Asia/Tehran
  • پاکستانی حکومت اور فوج کا مشتعل پی ٹی آئی مظاہرین کو سخت انتباہ، قانون ہاتھ میں لیا تو آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے

پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف اور فوج نے سابق وزیر اعظم عمران کان کی گرفتاری کے بعد ملک کی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت پی ٹی آئی کے کارکنوں کو سخت خبردار کیا ہے۔

سحر نیوز/پاکستان: وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے بعد ہونے والی کشیدگی کے دوران سرکاری املاک اور تنصیبات پر حملوں کو دہشت گردی اور ملک دشمن سرگرمیاں قرار دیتے ہوئے خبردار کیا کہ قانون ہاتھ میں لینے والے شر پسندوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران ’نیازی‘ کے معاملے پر نوٹس لیا اور پھر اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ عمران ’نیازی‘ کی گرفتاری قانونی تھی، یہ فیصلہ اس امر کا ثبوت ہے کہ نیب نے قانون کے مطابق کارروائی کی۔ انہوں نے پولیس، رینجرز، قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں اور افواج پاکستان کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔

دوسری جانب پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بھی ایک اعلامیہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا کہ ’چیئرمین پی ٹی آئی کو نیب اعلامیے کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ سے قانون کے مطابق حراست میں لیا گیا، اس گرفتاری کے فوراً بعد ایک منظم طریقے سے فوج کی املاک اور تنصیبات پر حملے کرائے گئے اور فوج مخالف نعرے بازی کروائی گئی۔

آئی ایس پی آر نے اپنے اعلامیے میں نو مئی کے دن کو ایک سیاہ باب سے تعبیر کیا۔ فوج کے بیان میں مزید آیا ہے کہ مذموم منصوبہ بندی کےتحت پیدا کی گئی اس صورت حال سے یہ گھناؤنی کوشش کی گئی کہ فوج اپنا فوری ردعمل دے جس کو اپنے مذموم سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا جا سکے-

بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ کسی کو بھی عوام کو اکسانے اور قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

خیال رہے کہ دو روز قبل سابق وزیر اعظم عمران خان کی عدالت کے احاطے سے اچانک اور فلمی انداز میں گرفتاری کے بعد انکے حامی ملک بھر میں سڑکوں پر نکل آئے ہیں اور مختلف علاقوں میں پر تشدد مظاہروں، جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ پارٹی کے رہنماؤں نے اپنے حامیوں سے احتجاج پر امن رکھنے اور قانون کو ہاتھ میں نہ لینے کی اپیل کی ہے۔

ٹیگس