زمان پارک سے فرار کے دوران آٹھ افراد کی گرفتاری
پنجاب پولیس نے لاہور میں عمران خان کی رہائشگاہ زمان پارک کے محاصرے کے دوران آٹھ دہشت گردوں کو نہر کے راستے فرار کی کوشش کے دوران گرفتار کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سحرنیوز/پاکستان: لاہور سے موصولہ رپورٹ کے مطابق پولیس کی بھاری نفری زمان پارک کے آس پاس موجود ہے اور پولیس کو الرٹ رہنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔
پولیس نے زمان پارک کے اطراف کی سڑکوں کو بند کر رکھا ہے اور علاقہ مکینوں کو شناخت کے بعد داخلے کی اجازت دی جا رہی ہے۔
نگراں حکومت نے نو مئی کے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف کریک ڈاؤن کا اعلان کر رکھا ہے۔
لاہور میں عمران خان کی رہائشگاہ زمان پارک بدھ سے پولیس کے محاصرے میں ہے۔ پنجاب حکومت اور پولیس نے اعلان کیا ہے کہ یہ محاصرہ بقول ان کے زمان پارک میں پناہ لینے والے دہشت گردوں کو پکڑنے کے لئے کیا گیا ہے۔
تازہ رپورٹ کے مطابق پولیس نے اعلان کیا ہے کہ آٹھ دہشت گرد اس وقت گرفتار کر لئے گئے جب وہ زمان پارک سے ایک نہر کے راستے فرار کر رہے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مزید کچھ لوگ بھی بھاگنا چاہتے تھے لیکن پولیس کو دیکھ کر واپس چلے گئے۔