Jun ۰۱, ۲۰۲۳ ۱۷:۰۳ Asia/Tehran
  •   طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد پاکستان میں دہشت گردانہ حملوں میں اضافہ

ایک پاکستانی تھنک ٹینک کے مطابق افغانستان میں طالبان کے دوبارہ برسر اقتدار آنے کے بعد پاکستان کے اندردہشت گردانہ حملوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے روزنامہ ڈان آن لائن کے مطابق پاک انسٹی ٹیوٹ فار پیس اسٹڈیز نے اپنی تازہ رپورٹ میں بتایا ہے کہ افغانستان میں طالبان کے دوبارہ برسر اقتدار آنے کے بعد پاکستان کے اندر دہشت گردانہ حملوں اور ہلاکتوں میں وحشتناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔

اس رپورٹ کے مطابق طالبان حکومت کے گزشتہ اکیس مہینے میں اس سے پہلے کی، اسی مدت کے مقابلے میں، پاکستان کے اندر دہشت گردانہ حملوں میں تہتر فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق اس مدت کے دوران پاکستان کے اندر دہشت گردانہ حملوں میں ہونے والی ہلاکتوں میں ایک سو اڑتیس فیصد اضافہ ہوا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ پاک انسٹی ٹیوٹ فار پیس نے یہ رپورٹ، آٹھ ماہرین کے تعاون سے تیار کی ہے جنھوں نے جولائی دو ہزار اکیس سے اس پر کام شروع کر دیا تھا۔ اس پاکستانی تھنک ٹینک کی رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ افغانستان میں طالبان کے برسراقتدار آنے کے بعد گزشتہ اکیس مہینے میں خیبر پختونخوا میں دہشت گردانہ حملوں میں بیانوے فیصد اور بلوچستان میں اکیاسی فیصد اضافہ ہوا ہے۔

اس رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ طویل عرصے تک عدم تحفظ ، عسکریت پسندی اور تشدد کا ماحول، ملک کے سیاسی اور اقتصادی استحکام کے لئے بھی سنگین خطرات پیدا کرسکتے ہیں ۔

ٹیگس