Jun ۱۲, ۲۰۲۳ ۱۲:۴۸ Asia/Tehran
  • سستے تیل کا حامل روس کا پہلا بحری جہاز کراچی میں لنگر انداز ہو گیا

پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ سستے خام تیل کا پہلا روسی آئل ٹینکر کراچی پہنچ گیا ہے ۔

سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم شہاز شریف نے کراچی بندرگاہ پر سستے تیل کے حامل پہلے روسی بحری جہاز کے لنگر انداز ہونے کے بعد کہا کہ میں نے قوم سے کیا ہوا ایک اور وعدہ پورا کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یہ بتاتے ہوئے مجھے خوشی ہو رہی ہے کہ سستے خام روسی تیل کا پہلا آئل ٹینکر کراچی پہنچ گیا ہے اور اس سے 12 جون سے تیل کی منتقلی شروع ہو جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس سے پہلے خام تیل بردار جہاز کی آمد سے پاکستان اور روسی فیڈریشن کےدرمیان ایک نئے تعلقات کے دور کا آغاز ہوا ہے۔

گزشتہ سال پاکستان کے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اعلان کیا تھا کہ وہ روس سے سستا تیل خریدنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے ہندوستان کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ جب ہندوستان سستا تیل خرید سکتا ہے تو انہیں بھی اس کو حاصل کرنے کا حق ہے۔

پاکستان کے وزیر پیٹرولیئم مصدق ملک نے روس کا دورہ کیا تھا اور حکومت نے اعلان کیا تھا کہ وہ روس سے خام تیل، پٹرول اور ڈیزل خریدے گی۔

یاد رہے کہ پاکستان اپنی توانائی ضروریات کا زیادہ تر حصہ عرب ممالک سے تیل خرید کر پورا کرتا ہے جو زیادہ تر سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے خریدا جاتا ہے،مگر اب روسی تیل کی خرید سے پاکستان کا عرب ممالک کے تیل پر انحصار کم ہو جائے گا۔

ٹیگس