میئر کراچی کا نتیجہ آنے کے بعد جماعت اسلامی اور پیپلز پارٹی کے کارکنوں میں تصادم، متعدد زخمی
میئر کراچی کا نتیجہ آنے کے بعد آرٹس کونسل کراچی کے باہر جماعت اسلامی اور پیپلز پارٹی کے کارکنوں کے درمیان تصادم ہوگیا، دونوں جانب سے پتھراؤ کیا گیا، پولیس اور رینجرز نے کئی کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستانی میڈیا کے مطابق آرٹس کونسل کے آڈیٹوریم میں میئر کے انتخاب کے بعد پیپلز پارٹی اور جماعتِ اسلامی کے کارکنان ایک دوسرے کے آمنے سامنے آ گئے۔ ایک دوسرے پر شدید پتھراؤ کیا اور ایک دوسرے کےخلاف نعرے بازی بھی کی۔
پتھراؤ کے بعد آرٹس کونسل کے باہر دونوں جماعتوں کے متعدد کارکنان زخمی ہو گئے، جبکہ کئی نیوز چینلز سے تعلق رکھنے والے صحافی بھی زخمی ہوئے۔
پولیس اور رینجرز نے دونوں پارٹیوں کے کارکنوں کو الگ کر دیا جس کے بعد آرٹس کونسل کے باہر صورتِ حال معمول پر آ گئی اور مشتعل کارکنان منتشر ہو گئے۔
پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری آرٹس کونسل کراچی کے باہر تعینات ہے، پولیس نے واٹر کینن اور قیدیوں کی 3 وینز بلا لیں۔
اس موقع پر جماعتِ اسلامی کے رہنما و سندھ اسمبلی کے رکن عبدالرشید نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی کا حصہ نہ بنیں، اپنے کیمپ میں واپس پہنچیں اور پُرامن طریقے سے اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں۔
صورتِ حال کنٹرول کرنے کے بعد آرٹس کونسل کی اطراف کی سڑکوں پر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔
اس سے قبل بھی آج صبح جماعتِ اسلامی کراچی اور پیپلز پارٹی کے کارکنان نے آرٹس کونسل کراچی کے سامنے شدید نعرے بازی کی۔