Jul ۱۳, ۲۰۲۳ ۱۳:۲۵ Asia/Tehran
  • پی ٹی آئی ہم خیال گروپ کے بائیکاٹ کے بعد حاجی گلبرخان گلگت بلتستان کے نئے وزیراعلیٰ منتخب

پی ٹی آئی فارورڈ بلاک کے حاجی گلبر خان گلگت بلتستان کے نئے وزیراعلیٰ منتخب ہو گئے۔

سحر نیوز/  پاکستان: 19 ارکان کی حمایت کے ساتھ حاجی گلبر خان نئے وزیرِ اعلیٰ گلگت بلتستان منتخب ہوئے ہیں۔

پی ٹی آئی ہم خیال گروپ نے رات گئے پریس کانفرنس میں انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا جس کے بعد حاجی گلبر تنہا امیدوار رہ گئے تھے۔

حاجی گلبرخان کو فارورڈ بلاک سمیت مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی حمایت حاصل تھی، انہیں گلگت بلتستان اسمبلی کے آج ہونے والے اجلاس میں موجود 19 ارکان نے ووٹ دئیے۔

خیال رہے کہ سابق وزیراعلیٰ خالد خورشید کی جعلی ڈگری کیس میں نااہلی کے بعد گلگت بلتستان اسمبلی کے ارکان کی تعداد 32 رہ گئی تھی۔

واضح رہے کہ چیف کورٹ کے 3 رکنی بنچ نے جعلی ڈگری کیس میں وزیراعلیٰ جی بی خالد خورشید کو نا اہل قرار دیا تھا جس کے بعد نئے وزیر اعلیٰ کے لیے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے راجا اعظم، ن لیگ کی جانب سے انجینئر محمد انور کے علاوہ امجد ایڈووکیٹ نے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے۔

حاجی گلبرخان کا تعلق گلگت بلتستان کے ضلع دیامر سے ہے، وہ نومبر 2009 کے انتخابات میں جے یو آئی ف کے ٹکٹ پر منتخب ہوئے، 2009 میں پیپلز پارٹی کی مخلوط حکومت میں وزیر صحت رہے، حاجی گلبرخان کو 2015 میں ن لیگ کے امیدوار نے شکست دی۔

حاجی گلبر خان 2020 کے انتخابات میں پی ٹی آئی کی ٹکٹ پر کامیاب ہوئےاور وزیرصحت رہے، نو منتخب وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کے حلقہ 18 دیامر 3 تانگیر سے منتخب ہوئے تھے۔

ٹیگس