Jan ۱۶, ۲۰۲۶ ۱۹:۱۹ Asia/Tehran
  • پاکستان: اسکردو میں رہبرِ انقلاب اور ایران کی حمایت میں عظیم الشان جلسہ، سرد موسم بھی عوامی جذبے کو نہ روک سکا!+ ویڈیو

پاکستان کے شمالی خطے اسکردو میں رہبرِ انقلاب اسلامی اور اسلامی جمہوریہ ایران کے عوام کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے لئے ایک شاندار اور عظیم الشان جلسہ منعقد ہوا، جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ شدید سردی اور برف باری کے باوجود عوام کا جوش و خروش دیدنی تھا، اور پورا شہر ایران کے حق میں نعروں اور یکجہتی کے پیغامات سے گونج اٹھا۔

سحرنیوز/پاکستان: تفصیلات کے مطابق، پاکستان کے شمالی شہر اسکردو میں رہبرِ انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای اور اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے لئے ایک بڑا اور پرجوش جلسہ منعقد ہوا، جس میں عوام کی غیر معمولی شرکت نے پورے خطے کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی۔ شہر کے مرکزی میدان میں ہونے والا یہ اجتماع ایران کے خلاف بڑھتی ہوئی عالمی دھمکیوں اور پروپیگنڈے کے تناظر میں اسکردو کے عوام کے مضبوط اور واضح مؤقف کی علامت بن گیا۔

اس عظیم الشان جلسے کی خاص بات یہ رہی کہ شدید سردی اور برفباری کے باوجود ہزاروں افراد نے جلسے میں شرکت کی۔ نوجوانوں، بزرگوں اور خواتین کی بڑی تعداد نے ایران کے ساتھ اپنی عقیدت اور یکجہتی کا بھرپور اظہار کیا۔ شرکاء نے رہبرِ انقلاب کے حق میں نعرے لگائے اور ایران کی سلامتی و استحکام کے لئے دعائیں کیں۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مختلف مذہبی و سماجی رہنماؤں نے کہا کہ، ایران کے خلاف بیرونی دھمکیاں دراصل مسلم دنیا کی خودمختاری پر حملہ ہیں۔ مقررین کا کہنا تھا کہ ایران نے ہمیشہ ظلم کے مقابلے میں استقامت اور اصولی سیاست کی مثال قائم کی ہے۔ ان کے مطابق، پاکستان اور ایران کے درمیان تعلقات محض سفارتی نہیں بلکہ عقیدتی اور تہذیبی بنیادوں پر قائم ہیں۔

مقررین نے عالمی طاقتوں کی جانب سے ایران کے خلاف جاری دباؤ اور پروپیگنڈے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسکردو کے عوام ہمیشہ حق اور مزاحمت کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔

جلسے کے دوران ایران اور پاکستان کی دوستی اور رہبر انقلاب اسلامی کے حق میں بینرز اور پوسٹرز نمایاں تھے۔ اسکردو کی فضا ایران کے ساتھ یکجہتی کے نعروں سے گونجتی رہی۔ عوام نے اس بات پر زور دیا کہ ایران کے خلاف کسی بھی بیرونی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ شرکاء نے رہبرِ انقلاب آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای سے عقیدت اور وفاداری کا اظہار کیا۔ جلسے کے اختتام پر ایران کی سلامتی، خطے کے امن اور مسلم دنیا کے اتحاد کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ہر مشکل گھڑی میں ایران کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔

ہمیں فالو کریں: 

Follow us: FacebookXinstagram, tiktok  whatsapp channel

 

ٹیگس