Jul ۲۵, ۲۰۲۳ ۰۸:۰۷ Asia/Tehran
  • فوٹو: ہیرالڈ جرنل
    فوٹو: ہیرالڈ جرنل

پاکستان کے مختلف علاقوں میں سیلاب کے خطرات بڑھ گئے ہیں جبکہ بعض علاقوں میں بارشوں کے سبب لینڈ سلائڈنگ کی بھی خبر ہے۔

سحر نیوز/پاکستان: ملک کے سرکاری ذرائع کے مطابق دریائے سندھ اور راوی میں بھی پانی کی سطح بلند ہوگئی ہے اور نچلے درجے کی سیلابی کیفیت پائی جاتی ہے۔ بعض رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ دریائے سندھ کے کنارے آباد بستیوں اور کھیتوں میں پانی داخل ہوگیا ہے۔

سندھ اور بلوچستان میں شدید بارشوں کے نتیجے میں حب ڈیم میں پانی کی سطح 336 فٹ کی سطح کو پار کر گئی جبکہ اسکی کُل گنجائش 339 فٹ ہے اور پانی کی آمد کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

پاکستان کے صوبۂ خیبر پختونخوا اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی سیلاب سے نقصانات کی خبر ہے۔ خیبر پختونخوا میں گزشتہ چند روز کے درمیان شدید بارشوں اور سیلاب سے متعدد افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جبکہ پنجاب کے مختلف اضلاع سیلاب کی زد پر ہیں۔

پنجاب کے ضلع جھنگ میں دریائے چناب میں طغیانی سے کم سے کم پچاس دیہی بستیوں کا رابطہ بقیہ علاقوں سے منقطع ہوگيا ہے۔

گلگت بلتستان میں بھی بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث گلگت سے چلاس شاہراہ قراقرم 20 مقامات پر بند ہوگئی جس کے باعث کئی سو گاڑیاں راستے میں پھنس کر رہ گئیں۔

محکمۂ موسمیات نے کراچی میں بارش کا سلسلہ آج رات تک جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔

خراب موسم کے سبب اندرون و بیرون ملک کی کئی پروازیں تاخیر کا شکار رہیں جبکہ بعض کو منسوخ بھی کرنا پڑا ہے۔

ٹیگس