انتخابات مقررہ وقت پر کرائے جائیں، پیپلز پارٹی کا مطالبہ
پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سینٹ کے سابق چیرمین میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ الیکشن میں تاخیر کے جمہوری نظام، آئین اور وفاق پر تباہ کن اثرات مرتب ہوں گے۔
سحر نیوز/ پاکستان: سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے جے یو آئی (ف) کے ورکرز کنونشن پر خودکش حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کی کارروائیوں میں اضافے کا مقصد قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نشانہ بنانا تھا لیکن چونکہ عام انتخابات ہیں اس لیے ایک سیاسی جماعت کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
رضا ربانی نے کہا کہ گزشتہ انتخابات کے دوران ٹی ٹی پی نے پیپلز پارٹی اور اے این پی کو بھی انتخابی مہم میں نااہل کرنے کے لیے نشانہ بنایا تھا۔ ایسے دہشت گردانہ حملے جمہوری عمل کو پٹڑی سے نہیں اتار سکتے۔
انہوں نے کہا کہ اسمبلی کی مدت پوری ہونے یا تحلیل ہونے کے 60 دن یا 90 دن کے اندر آئین کے مطابق انتخابات کرائے جائیں۔ کسی بھی آڑ یا بہانے کے تحت نگراں حکومت کی توسیع ملک کیلئے بہتر نہیں۔