پاکستان: دہشتگردوں کی فائرنگ سے پولیوٹیم کی سیکیورٹی پر مامور 2 پولیس اہلکار جاں بحق
پولیس حکام نے بتایا کہ فائرنگ کے دوران انسداد پولیو ٹیم محفوظ رہی، جاں بحق ہونے والے پولیس اہلکاروں کی لاشیں ہسپتال منتقل کردی گئیں۔
سحر نیوز/ پاکستان: ایس ایچ او زرغون آباد (نواں کلی) پولیس اسٹیشن آصف مروت نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والے اہلکاروں میں کانسٹیبل شوکت علی اور سید مہدی شامل ہیں، واقعے میں پولیو ٹیم محفوظ رہی۔
پولیس نے مزید بتایا کہ واقعے کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہوگئے، نواں کلی اور گردونواح میں انسداد پولیو مہم عارضی طور پر معطل ہوگئی ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے زرغون آباد تھانے کی حدود میں پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے دہشت گردی کی کارروائی میں 2 پولیس اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ انتہائی افسوسناک اور ہمارے بچوں کے صحت مند مستقبل کے خلاف مذموم سازش ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک دشمن عناصر اپنے ناپاک عزائم کی تکمیل کے لیے پولیو مہم ناکام بنانا چاہتے ہیں، پولیو مہم کے خلاف منفی پروپیگنڈے اور سماج دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا جائے گا، پولیو کے مکمل خاتمے کے ذریعے اپنے بچوں کے صحت مند مستقبل کو ہر صورت یقینی بنائیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں دہشتگردوں کی جانب سے اکثر پولیو ٹیموں اور ان کی حفاظت پر مامور اہلکاروں کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔