Aug ۰۳, ۲۰۲۳ ۰۹:۲۶ Asia/Tehran
  • کوئٹہ میں دھماکہ اور فائرنگ، 7 افراد ہلاک و زخمی

بلوچستان کے درارالحکومت کوئٹہ میں دھماکہ اور فائرنگ سے 7 افراد ہلاک و زخمی ہوئے ہیں۔

سحرنیوز/پاکستان: کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر فائرنگ کے نتیجے میں بلوچستان فوڈ اتھارٹی (بی ایف اے) کے ڈپٹی ڈائریکٹر اور سابق وزیر اعلیٰ نواب اسلم رئیسانی کے بھتیجے نوابزادہ ہارون رئیسانی سمیت 3 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق پولیس  کا کہنا ہے کہ  ہلاک ہونے والے دیگر 2 افراد میں ٹرانسپورٹ کمپنی کے مالک امداد لہڑی کا بیٹا براہمداغ لہڑی اور اسلم رئیسانی کا سیکیورٹی گارڈ شامل ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ فوڈ اتھارٹی (بی ایف اے) کے ڈپٹی ڈائریکٹر نوابزادہ ہارون رئیسانی سدا بہار بس ٹرمینل کے علاقے میں دکانوں کا معائنہ کر رہے تھے۔
دورے کے دوران پان پراگ اور دیگر اشیا فروخت کرنے والی ایک دکان پر جرمانہ عائد کیا گیا جس پر تلخ کلامی ہو گئی، فائرنگ کےتبادلے میں ہارون رئیسانی اپنے گارڈ اور براہمداغ لہڑی سمیت مارے گئے جبکہ 2 دیگر افراد زخمی ہوئے۔
حریف گروہوں کے درمیان مزید تصادم سے بچنے کے لیے علاقے میں پولیس اور ایف سی اہلکار تعینات کردیئے گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حقائق جاننے کے لیے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی گئی ہے۔
دوسری جانب کوئٹہ کے علاقے اسپنی روڈ پر دھماکے میں حملہ آور ہلاک ہوگیا۔
ترجمان پولیس کے مطابق دھماکے کے بعد کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی)، بم ڈسپوزل اسکواڈ اور تحقیقاتی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ پولیس دھماکے کی تحقیقات کر رہی ہے۔

ٹیگس