ایران کے ساتھ مضبوط تعلقات کےلئے پرعزم ہیں: پاکستان
پاکستان کے نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ایران کے سفیر رضا امیری مقدم سے ملاقات کے دوران کہا ہے کہ پاکستان، ایران کے ساتھ مضبوط تعلقات کے فروغ کا خواہاں ہے۔
سحرنیوز/پاکستان: ایران پریس کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے پاکستان کے نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان کے نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان قریبی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے پاکستان، ایران کے ساتھ مضبوط تعلقات کے فروغ کا خواہاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو اقتصادی اور سیکورٹی میدانوں میں تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہیے۔
انوارالحق کاکڑ نے ایران کے سفیر سے اپنی ملاقات میں مزید کہا کہ پیشین مند سرحدی منڈی کے افتتاح سے سرحدی علاقوں کے عوام کی معاشی حالت میں بہتری آئے گی اور انہوں نے دونوں ممالک کی جانب سے عوام کی حالت بہتر بنانے کے عزم کا اظہار بھی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی کی پالیسی ہمسایہ اور علاقائی ملکوں کے ساتھ تعاون کو تقویت پہنچانے پر استوار ہے جو پاکستان کی پالیسی سے بالکل ہم آھنگ ہے اور دونوں ممالک کو اپنی اہم جغرافیائی مقام اور اہمیت سے مشترکہ اہداف کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔
اس ملاقات میں ایران کے سفیر نے کہا کہ ہم دونوں ممالک کے درمیان موجودہ مثبت تعلقات اور خصوصا اقتصاد، انرجی اور سیکورٹی کے میدانوں میں تعلقات کے فروغ کے خواہاں ہیں۔