کراچی: کالعدم لشکر جھنگوی کا خطرناک دہشتگرد گرفتار
محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کراچی نے حال ہی میں جیل سے رہا ہونے والے کالعدم لشکر جھنگوی کے دہشتگرد کو گرفتار کیا ہے۔
سحر نیوز/ پاکستان: سی ٹی ڈی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ محکمہ انسداد دہشت گردی نے پٹیل پاڑہ میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم لشکر جھنگوی کے دہشتگرد حافظ قاسم رشید عرف بلال کو گرفتار کرلیا اور اس کے قبضے سے ایک دستی بم اور 30 بور کی بغیر لائسنس پستول اور 6 گولیاں بھی برآمد کر لیں۔
گرفتار ہونے والے کالعدم لشکر جھنگوی کے دہشتگرد نے مبینہ طور پر نامور قوال امجد صابری کے قتل کی سازش کی، جنہیں 2016 میں کراچی میں قتل کر دیا گیا، اس کے علاوہ 2010 میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے رکن صوبائی اسمبلی رضا حیدر کے قتل کی سازش میں بھی ملوث ہے۔
قاسم رشید کو ’کالعدم لشکر جھنگوی کے خطرناک دہشت گرد قرار دیتے ہوئے حکام نے بتایا کہ جب ملزم جیل میں قید تھا تو وہ وہاں سے نیٹ ورک چلاتا تھا۔
سی ٹی ڈی نے کہا کہ وہ اپنے ساتھیوں عاصم عرف کیپری اور اسحٰق عرف بوبی کی مدد سے جیل میں بیٹھ کر مبینہ طور پر 4 رینجرزاور 2 فوجی اہلکار اور اہل تشیع سے تعلق رکھنے والے 4 افراد کے قتل میں ملوث ہے۔
حافظ قاسم رشید کو رہنما ایم کیو ایم کے قتل اور دیگر سنگین جرائم کے الزام میں گرفتاری کے بعد جیل بھیجا گیا تھا لیکن انہیں حال ہی میں چھوڑ دیا گیا تھا۔