Nov ۰۴, ۲۰۲۳ ۱۷:۴۸ Asia/Tehran
  • پاکستان نے اہم میچ میں نیوزی لینڈ کو شکست دیدی

ورلڈ کپ کے 35ویں میچ میں ڈی ایل میتھڈ کے تحت پاکستان نے 401 رنز بنانے والی نیوزی لینڈ کو شکست دے دی۔

سحر نیوز/ پاکستان: بنگلور میں کھیلے جانے والے اس میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستانی بولرز کا بھرکس نکال دیا اور قومی ٹیم کو 402 رنز کا ہدف دیا۔

بارش سے متاثرہ اس میچ میں پاکستان ٹیم نے 26ویں اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر 200 رنز بنائے اور ٹیم ڈی ایل میتھڈ کے باعث 21 رنز سے جیت گئی۔ 

پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم کی بیٹنگ جاری تھی کہ پہلی مرتبہ بارش آنے سے قبل 21 اعشاریہ 3 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر پاکستان ٹیم نے 160 رنز بنائے۔

میچ دوبارہ شروع ہوا تو ڈی ایل میتھڈ کے تحت 9 اوورز کی کٹوتی کردی گئی ہے، یوں پاکستان کو جیت کے لیے 117 گیندوں پر مزید 182 رنز درکار تھے۔

فخر زمان نے لاٹھی چارج کیا تاہم جب میچ دوبارہ بارش کے باعث روکا گیا تو پاکستان اس وقت ڈی ایل میتھڈ کے تحت 21 رنز آگے تھا اور یہیں پر اس نے میچ جیتا۔

خیال رہے کہ پاکستان ٹیم کی پہلی وکٹ صرف 6 رنز پر گر گئی تھی۔ تاہم اسکے بعد فخر زمان اور بابر اعظم کی 194 رنز کی پارٹنرشپ نے میچ کا رخ بدل کر رکھ دیا۔

فخر زمان نے 81 گیندوں پر 126 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی جس میں 11 چھکے اور 8 چوکے شامل تھے۔

دوسری جانب کپتان بابر اعظم نے 63 گیندوں پر 66 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔

پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرانے کا فیصلہ کیا جس کے بعد ابتداء سے لے کر آخری اوور تک نیوزی لینڈ کے بیٹرز نے تیز رن ریٹ کے ساتھ بیٹنگ کی اور مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹ پر 401 رنز بنائے۔

دونوں ٹیمیں اب تک اس ورلڈ کپ میں 7، 7 میچز کھیل چکی ہیں، پاکستان نے اپنے 3 اور نیوزی لینڈ نے 4 میچز جیتے ہیں۔

پوائنٹس ٹیبل پر نیوزی لینڈ چوتھے اور پاکستان ٹیم چھٹے نمبر پر ہے۔

ٹیگس