غزہ کے باشندوں کے لئے پاکستان کی انسان دوستانہ امداد (ویڈیو)
پاکستانی حکومت نے غزہ کے عوام کے لئے انسان دوستی پر مبنی امداد کی دوسری کھیپ مصر ارسال کی ہے۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی وزارت خارجہ نے اپنے ملک کی نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے تعاون سے ایک کارگو ہوائی جہاز اسلام آباد کے بین الاقوامی ایئرپورٹ سے مصر کے سرحدی شہر العریش روانہ کیا ہے جس میں غزہ کے مظلوم عوام کے لئے اسّی ٹن امدادی سامان لدا ہوا ہے۔
اسلام آباد کے بین الاقوامی ایئرپورٹ پر غزہ کے مظلوم عوام کے لئے امدادی سامان بھیجے جانے کی تقریب میں پاکستان کے وزیر خارجہ، وزیر انسانی حقوق، وزارت خارجہ کے ترجمان اور پاکستان میں فلسطین کے سفیر نے شرکت کی۔
پاکستانی حکومت نے فلسطین کی مظلوم قوم کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم ان دشوار حالات میں اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
اس سے قبل پاکستان کی سینیٹ نے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا تھا اور غزہ میں ناجائز صیہونی حکومت کے مظالم کی مذمت میں ایک قرارداد پاس کی تھی جس میں کہا گيا تھا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام اس مشکل مرحلے میں فلسطینی قوم کے ساتھ کھڑے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستانی حکومت نے گزشتہ مہینے بھی سو ٹن انسان دوستانہ امداد غزہ کے باشندوں کے لئے روانہ کی تھی۔