پاکستان کے ممتاز تجزیہ نگار: ایران کی جانب سے فلسطین کی حمایت کی قدردانی
پاکستان کے ایک ممتاز تجزیہ نگار، اور جامعہ کراچی کے شعبہ بین الاقوامی تعلقات کے پروفیسر مونس احمر نے ایران کی جانب سے فلسطین کی حمایت کو مثالی اور قابل تقلید قرار دیا ہے۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستان کی جامعہ کراچی کے پروفیسر نے غزہ میں اسرائیل کے جرائم کے خلاف اسلامی جمہوریہ ایران کے ٹھوس موقف کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ صیہونیوں کے خلاف اقتصادی پابندیاں اور اس حکومت کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کرنے سے ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکتا ہے۔ جامعہ کراچی کے شعبہ بین الاقوامی تعلقات کے پروفیسر مونس احمر نے پاکستانی اخبار ایکسپریس ٹریبیون میں غزہ کی موجودہ صورتحال اور عالمی برادری بالخصوص عرب اور اسلامی حکومتوں کے ردعمل کے بارے میں ایک مضمون میں اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کرنے کے نتائج کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ واحد ملک جس نے غزہ جنگ میں اسرائیل کے خلاف مضبوط موقف اختیار کیا وہ ایران ہے۔ پروفیسر مونس احمر نے کہا کہ اسرائیل اور امریکہ ایران پر صیہونی حکومت کے دو اہم دشمنوں (حماس اور حزب اللہ) کی حمایت کا الزام لگاتے ہیں اور تہران کے ایٹمی پروگرام کو تل ابیب اور واشنگٹن کے مفادات کے لیے نقصان دہ سمجھتے ہیں، لیکن اس کے باوجود غزہ کی حمایت میں ایران کا موقف مضبوط رہا۔