Dec ۰۳, ۲۰۲۳ ۰۹:۳۳ Asia/Tehran

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں فلسطین کے استقامتی محاذ کے حامیوں نے غزہ پر صیہونی حکومت کے حملے دوبارہ شروع ہونے کے خلاف زبردست ریلی نکالی۔

سحرنیوز/پاکستان: غاصب صیہونی حکومت کے خلاف یہ ریلی پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے صدر مقام مظرآباد میں مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت میں ریلی نکالی گئی۔ اس ریلی میں مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں فلسطین کے پرچم اور قبلہ اول مسجد الاقصی کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں اور انہوں نے مظلوم فلسطینی عوام ہ، عورتوں اور بچوں کے قتل عام کی مذمت کی۔ مظاہرین نے اسرائیل مردہ باد اور امریکا مردہ باد کے نعرے لگائے اور غزہ میں مستقل جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔
جماعت اسلامی پاکستان کے رہنما سراج الحق نے یکجہتی فلسطین ریلی سے خطاب میں کہا کہ صیہونی حکومت نے نہتے فلسطینی عوام کے خلاف دوبارہ وحشیانہ حملے امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی حمایت اور پشت پناہی سے شروع کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی مجاہدین اور غزہ کے عوام اس جنگ کے فاتح ہیں اور ہمیشہ کی طرح اس بار بھی اسرآئیلی دہشت گرد شکست کھائيں گے۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا کہ دنیا کی حریت پسند اقوام فلسطین کے ساتھ ہیں اور پاکستان بھی آخری دم تک فلسطین اور حماس کی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین میں دو ریاستی نظریہ کارگر نہیں ہے اور ہم ایک فلسطینی حکومت کی تشکیل کا مطالبہ کرتے ہیں اور اس حکومت کا دارالحکومت بیت المقدس ہونا چاہیے۔ سراج الحق نے کہا کہ یہی فلسطینی قوم کا مطالبہ بھی ہے اور یہی بانی پاکستان محمد علی جناح کا نظریہ بھی تھا۔

ٹیگس