Jan ۲۷, ۲۰۲۴ ۱۴:۰۹ Asia/Tehran
  • پاکستان میں انتخابی سرگرمیاں

پاکستان میں انتخابی سرگرمیاں اب تیز ہوگئی ہيں، سابق وزیراعظم پاکستان نوازشریف نے جہاں انتخابی منشور کا اعلان کیا ہے وہیں پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے نوازشریف کو مباحثے کی دعوت دے کرانتخابی ماحول کو دلچسپ بنادیا ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان: مسلم لیگ ن کے منشور کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نوازشریف نے کہا کہ ماضی کی زیادتیوں کو فراموش کرکے مستقبل کی منصوبہ بندی کرنے آيا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کی خدمت کرنے کی بنا پر کئی بار جیل گیا۔

نوازشریف نے کہا کہ انتقام نہيں ترقی کی سیاست پر توجہ مرکوز ہے اور منشور پر عمل کریں گے۔ انہوں نے میثاق جمہوریت کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ ہم سب نے دستخط کئے تھے لیکن اس کی بہت زیادہ خلاف ورزی ہوئی۔

دوسری جانب پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے نوازشریف کو انتخابات سے قبل مباحثے کا چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ میں مسلم لیگ ن کے وزارت عظمی کے امیدوار نوازشریف کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ آٹھ فروری سے قبل کسی بھی وقت اور کہیں بھی مجھ سے مباحثہ کرلیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے نوازشریف پر زبانی وار کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ چوتھی بار وزیر اعظم بن گئے تو جیلر سے لے کر جج تک سب سے انتقام لیں گے۔

پاکستان میں مبصرین کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری اس وقت پی ٹی آئی کو کم اور مسلم لیگ ن پر زیادہ حملے کر رہے ہيں۔

ٹیگس