Jan ۳۰, ۲۰۲۴ ۱۲:۰۰ Asia/Tehran
  • عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو سائفر کیس میں 10، 10 سال قید کی سزا، کارکن مشتعل نہ ہوں: پی ٹی آئی

پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ سائفر کیس کے فیصلے پر کارکنان مشتعل نہ ہوں، کوئی قانون ہاتھ میں نہ لے۔

سحر نیوز/ پاکستان: راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قائم خصوصی عدالت نے سائفر کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو 10، 10 سال قیدِ بامشقت کی سزا سنا دی۔

آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت قائم خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے زبانی مختصر فیصلہ سنایا۔

فیصلہ سنانے کے وقت بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کمرۂ عدالت میں موجود تھے۔

واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے امریکا میں پاکستانی سفیر کے مراسلے یا سائفر کو بنیاد بنا کر ہی اپنی حکومت کے خلاف سازش کا بیانیہ بنایا تھا جس میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کی حکومت کے خاتمے میں امریکا کا ہاتھ ہے تاہم قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں سائفر کو لے کر پی ٹی آئی حکومت کے مؤقف کی تردید کی جا چکی ہے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ سائفر کیس کے فیصلے پر کارکنان مشتعل نہ ہوں اور کوئی قانون ہاتھ میں نہ لے۔

پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر گوہر نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئین اور قانونی طریقہ کار سے ہٹ کر کیسز کو چلایا جا رہا ہے، جج صاحب نے اپنی طرف سے سوالات کیے، ہم ان سے کیا توقعات رکھیں؟

رہنما پی ٹی آئی کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہماری توجہ الیکشن سے ہٹانے کی کوشش کی جا رہی ہے، 8 فروری کو سب کا محاسبہ ہو گا۔

ٹیگس