Feb ۰۳, ۲۰۲۴ ۱۴:۳۳ Asia/Tehran
  • عمران خان اور بشریٰ بی بی کا نکاح غیر شرعی قرار، دونوں کو 7، 7 سال قید کی سزا اورجرمانہ

دورانِ عدت نکاح کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کو 7، 7 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔

سحر نیوز/ پاکستان: اڈیالہ جیل میں غیر شرعی نکاح کیس کی سماعت ہوئی، جس میں جج نے ملزمان کو پیش کرنے کا حکم دیا۔ اس موقع پر بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو عدالت کے روبرو پیش کیا گیا۔

عدالت نے غیر شرعی نکاح کا جرم ثابت ہونے پر عمران خان اور بشریٰ بی بی کو 7، 7 سال قید کی سزا کا حکم سنا دیا۔ عدالت کے جج قدرت اللہ نے سزا میں دونوں ملزمان کو 5، 5 لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا۔

عدالت نے مختصر فیصلہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ غیر شرعی نکاح کیس کا تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ 25 نومبر 2023 کو بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا نے اسلام آباد کے سول جج قدرت اللہ کی عدالت سے رجوع کیا اور عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف دورانِ عدت نکاح کا کیس دائر کیا۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ دورانِ عدت نکاح کا معاملہ منظر عام پر آنے کے بعد دونوں نے مفتی سعید کے ذریعے فروری 2018 میں دوبارہ نکاح کیا۔

یاد رہے کہ اس سے پہلے عمران خان اور بشریٰ بی بی کو توشہ خانہ کیس میں 14، 14 سال قید کی سزا ہوئی تھی جبکہ سائفر کیس میں عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو 10، 10 سال قید کی سزا ہوئی تھی۔

ٹیگس