Feb ۰۴, ۲۰۲۴ ۱۸:۴۴ Asia/Tehran
  • پاکستان میں عام انتخابات کی سرگرمیاں عروج پر پہنچ گئیں

پاکستان میں عام انتخابات میں چند دن باقی ہیں اور سیاسی جماعتیں انتخابی مہم میں مصروف ہیں ۔

سحر نیوز/ پاکستان: صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف نے کہا ہے کہ تحریک انصاف والوں کو چاہیے کہ پی ٹی آئی کو ووٹ دینے کے بجائے اب ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ پر ووٹ دیں ۔

سابق وزیراعظم نے شہباز شریف لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے دور میں کرپشن کم ہوئی، ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل سمیت عالمی ادارے بھی گواہی دے رہے ہیں، عمران خان کے دور میں کرپشن کا پیسہ ہر طرف چلا، پی ٹی آئی دور میں ایک اینٹ نہ لگی پھر بھی کرپشن انڈیکس بڑھ گیا، ٹرانسپرنسی کی رپورٹ سے ثابت ہوگیا کہ چور کون ہے، تحریک انصاف والے اب اپنی پارٹی کے بجائے ٹرانسپرنسی کی رپورٹ پر ووٹ دیں۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے آج حیدرآباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مخالف سیاسی جماعتیں تشدد، نفرت اور تقسیم پر مبنی سیاست کررہے ہیں، سیاست کو ذاتی دشمنی میں تبدیل کردیاگیا ہے اور اب انتقامی سیاست کی جارہی ہے۔

بلاول بھٹو نے ساتھ ہی مسلم لیگ (ن) سمیت دیگر سیاسی جماعتوں پر بھی کڑی تنقید کی، انہوں نے کہا کہ جن سیاسی جماعتوں سے ہمارا مقابلہ ہے ان کو عوام اچھی طرح سے جانتی ہے، حیدرآباد کے عوام نفرت اور تقسیم کی سیاست سے واقف ہیں، پیپلزپارٹی ایسی سیاست کو ختم کرنا چاہتی ہے۔

دوسری جانب راولپنڈی کے لیاقت باغ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا کہ 8 فروری عوام کے لیے امن کا پیغام لائےگا، 8 فروری ملک میں کرپشن، جہالت، غربت اور بے روزگاری کے خاتمے کا دن ہے۔

در ایں اثناء پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ فیصلے نواز شریف اور مریم نواز کے حکم پر ہو رہے ہیں۔

صوابی میں انتخابی جلسے سے خطاب میں اسد قیصر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف 3 فیصلے آچکے ہیں، پوچھتا ہوں کیا ان فیصلوں میں انصاف ہوا ہے؟

انہوں نے کہا کہ جو بھی فیصلے ہو رہے ہیں نواز شریف اور مریم نواز کے حکم پر ہو رہے ہیں۔ عدالتوں کی بے توقیری ہو رہی ہے، اُنہیں رسوا کیا جا رہا ہے۔

سابق اسپیکر قومی اسمبلی نے دعوی کیا یہ لوگ ہمارے ہاتھ پاؤں باندھ کر الیکشن لڑنا چاہتے ہیں، آپ نے ہم سے بلا چھینا ہے اور ہم آپ سے آپ کی سیاست چھینیں گے۔

دوسری جانب خیبر پختونخوا کے ضلع کرک میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے  بغیر اجازت جلسہ کرنے پر پولیس اور پی ٹی آئی کارکنوں میں ہاتھا پائی ہوگئی۔

مشتعل کارکنوں نے پولیس کی گاڑیوں کے شیشے توڑ دیے، پولیس کی جانب سے ہوائی فائرنگ اور شیلنگ کی گئی، جس میں دو افراد زخمی ہوگئے۔

ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی) تخت نصرتی کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نے جلسہ کرنے کی اجازت نہیں لی تھی، پی ٹی آئی ورکرز کی طرف سے پتھراؤ کے باعث پولیس کی گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں 8 فروری کو عام پارلیمانی انتخابات ہونے جا رہے ہیں۔

ٹیگس