پاکستان: عام انتخابات میں 12 گھنٹے سے بھی کم، پولنگ عملے کو انتخابی سامان کی ترسیل جاری
کل ہونے والے انتخابات کے لیے انتخابی سامان پریذائڈنگ افسران اور پولنگ عملے کے سپرد کیا جا رہا ہے۔
سحرنیوز/ پاکستان: ڈی آر او اسلام آباد نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے تینوں حلقوں میں پولنگ مٹیریل متعلقہ حلقے کو دیا جا رہا ہے اور پریذائیڈنگ افسران کو الیکشن کمیشن کے ضابطۂ اخلاق پر عمل درآمد کی ہدایات کی گئی ہیں۔
کراچی میں ضلع شرقی میں پولنگ سامان کی ترسیل ایکسپو سینٹر سے ہورہی ہے، ایکسپو سینٹر کے باہر پولیس کی بھاری نفری موجود ہے۔
لاہور میں مجموعی طور پر ایک ہزار سے زائد امیدوار مدمقابل ہيں۔
لاہور سے قومی اسمبلی کی چودہ نشستوں پر دوسو چھیاسٹھ امیدوار پنجہ آزمائی کر رہے ہیں جبکہ صوبائی اسمبلی کے تیس حلقوں میں آٹھ سو تیرہ امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے۔ لاہور میں بھی پولنگ کے لئے ضروری سامان پہنچا دیا گیا ہے۔
ملتان کے قومی اسمبلی کے چھے اور صوبائی اسمبلی کے بارہ حلقوں کے پریذائیڈنگ افسران کو سامان فراہم کیا جا رہا ہے، پولنگ سامان فراہم کرنے کے لیے تین سینٹر بنائے گئے ہیں۔
پولنگ سامان سخت سیکورٹی میں پریذائیڈنگ افسران اور پولنگ سٹیشنوں تک پہنچایا جارہا ہے۔
دوسری جانب پشاور میں بھی انتخابی سامان کی تقسیم کا عمل جاری ہے۔ ڈسٹرکٹ رٹرننگ افسر نے کہا کہ پشاور میں تین مقامات سے پولنگ مٹیریل متعلقہ عملے کے حوالے کیا جا رہا ہے۔
پاکستان کے عام انتخابات کے لئے انتخابی مہم کا وقت گزشتہ رات 12 بجے ختم ہوگیا تھا۔ انتخابی مہم کا وقت ختم ہوتے ہی الیکشن کمیشن نے انتخابی ضابطۂ اخلاق جاری کر دیا۔