Feb ۰۸, ۲۰۲۴ ۲۱:۲۲ Asia/Tehran
  • پاکستان: الیکشن 2024 کے کامیاب انعقاد پر قوم کا شکریہ، نگراں وزیر اعظم

پاکستان کے نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ الیکشن 2024 کے کامیاب انعقاد پر قوم کے شکر گزار ہیں۔

سحر نیوز/ پاکستان: میڈیا ذرائع کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے الیکشن 2024ء کے پرامن اور کامیاب انعقاد پر قوم کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے اور قوم کو مبارک باد بھی پیش کی ہے۔

اسلام آباد سے جاری بیان میں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ انتخابات 2024ء کے لیے الیکشن کمیشن، عبوری صوبائی حکومتوں، مسلح افواج، سول آرمڈ فورسز کی کاوشیں قابل تعریف ہیں۔

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ آزادانہ انتخابات کے انعقاد میں پولیس، انتخابی عملے، میڈیا کی کاوشوں کو سراہتا ہوں، یہ اہم موقع ہمارے جمہوری عمل کی لچک اور طاقت کا ثبوت ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ اہم موقع پاکستانی عوام کے ناقابل تسخیر جذبے کا بھی ثبوت ہے اور یہ کہ پاکستان کے عوام کی شرکت اور جوش و خروش اس جمہوری مشق کا سنگ بنیاد رہا ہے۔

 

ٹیگس